19 فروری ، 2024
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی زندگی کو دوران قید لاحق مبینہ سنگین خطرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پی ٹی آئی کورکمیٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں بشریٰ بی بی کو بنی گالہ میں قید رکھنے اور مبینہ طور پر نہایت غیرمعیاری کھانہ دیے جانے کی مذمت کی گئی ہے۔
اعلامیےکے مطابق کور کمیٹی نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ کامیاب امیدواروں کو ڈرانے دھمکانے اور جماعت چھوڑنے پر مجبور کرنے کی بھی مذمت کی ہے اور پنجاب اور سندھ کے چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کو فی الفور ہٹا کر کڑا محاسبہ کرنےکا مطالبہ کیا ہے۔
کورکمیٹی نے ایم ڈبلیو ایم اور سنی اتحاد کونسل کے ساتھ سیاسی اشتراکِ عمل کی مکمل تائید و توثیق بھی کی ہے۔
کورکمیٹی نےکمشنر راولپنڈی کے اعترافِ جرم پر جوڈیشل کمیشن کے ذریعے عدالتی تحقیقات کروانےکا مطالبہ بھی کیا ہے۔