20 فروری ، 2024
بھارت نے مسلمانوں کے خلاف ایک بار پھر انتہا پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلا دیشی مسلمان مسافر کی طبیعت خرابی کے باوجود پرواز کو ممبئی ائیرپورٹ پر اترنے نہ دیا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سعودی ائیر لائن کی پرواز ایس وی 805 ڈھاکا سے ریاض جا رہی تھی کہ بھارتی فضائی حدود میں بنگلا دیشی شہری کی طبیعت خراب ہوئی تو پائلٹ نے قریبی ممبئی ائیرپورٹ پر لینڈنگ کیلئے طیارے کا رخ موڑ دیا اور پائلٹ نے اے ٹی سی ممبئی سے انسانی ہمدردی کی بنا پر لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔
ذرائع کے مطابق ائیر ٹریفک کنٹرولر ممبئی کا جواب ملنے تک طیارہ ممبئی کی لینڈنگ اپروچ لے چکا تھا تاہم اے ٹی سی ممبئی نے متاثرہ مسافر کی قومیت اور دیگر تفصیلات مانگیں جس پر ممبئی ائیرپورٹ حکام نے بنگلا دیشی مسلمان مسافر کو آف لوڈ کرنے سے انکار کردیا۔
ائیر ٹریفک کنٹرول ممبئی نے سعودی طیارے کو لینڈنگ دینے سے صاف منع کردیا جس پر پائلٹ نے لینڈنگ منسوخ کرکے اے ٹی سی کراچی سے لینڈنگ کی اجازت طلب کی اور اے ٹی سی کراچی نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر لینڈنگ کی اجازت دے دی۔
ہنگامی صورتحال ہونے کے باوجود سعودی طیارہ دگنا سفر کرکے صبح 7:28 پر کراچی لینڈ کیا جہاں سول ایوی ایشن میڈیکل ٹیم نے مسافر کو طیارے میں طبی امداد فراہم کی۔
ذرائع کے مطابق ہائی بلڈ پریشر کے مریض 44 سالہ مسافر ابو طاہر کی حالت انتہائی خراب تھی، بنگلا دیشی مسافر کو ہائی بلڈ پریشر سے مسلسل قے آرہی تھیں، مسافر کو طبی امداد دے کر سعودی طیارے کو کراچی سے ریاض روانہ کردیا گیا۔