22 فروری ، 2024
ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطان کے کھلاڑی افتخار احمد نے کہا ہے کہ تسلیم کرتے ہیں کہ لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں فیلڈنگ بہت بری کی ہےلیکن خوشی ہے کہ جیت گئے۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیلڈنگ کی بڑی خامی نظر آئی ہے، اس پر ہماری بہت بحث ہوئی ہے، رضوان سے بھی کیچ ڈراپ ہوا جو ہوتا نہیں ہے، کیچ گرانا ایسا ہی ہے جیسے میچ گرا دینا، کوشش ہوگی کہ کیچز کی خاص ٹریننگ کریں۔
افتخار احمد نے کہا کہ لاہور کی بولنگ کو دیکھا جائے تو پورے پاکستان کی بولنگ ادھر ہے، پیچ پر گیند سیم ہو رہا تھا مگر رضوان بہت اچھا کھیلا اور گیم کو بنایا، شروع میں مشکل لگ رہا تھا مگر خوشی ہے کہ ہم جیت گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل ایسا ایونٹ ہے جس پر تین جیت کے بعد خوش ہوجائیں، ہم چیمپئن بننا چاہتے ہیں نمبر ون بننا چاہتے ہیں۔
افتخار کا کہنا تھا کہ لیفٹ، رائٹ کامبینیشن کی وجہ سے ڈیو ویلے کو مجھ سے اوپر بھیجا گیا، میں سوچ کر آیا تھا کہ جس طرف کی باؤنڈری چھوٹی ہے اسے ٹارگٹ کروں۔
انہوں نے کہا کہ ہر کوئی اوپر جا کر کھیلنے کا خواہشمند ہے کیونکہ وہاں وقت ملتا ہے لیکن مڈل اوور ز میں بیٹرز کم آ رہے ہیں، مڈل اوور میں بیٹنگ کرنے والوں کی پاکستان ٹیم کو ضرورت ہے۔
ملتان سلطان کے کھلاڑی کا کہنا تھا کہ ہماری بولنگ بہت مضبوط ہے، ٹیم بیلنس کرنے کیلئے چار فاسٹ بولر اتارے، یہ وکٹ فاسٹ بولر کیلئے تھا اس لیے فاسٹ بولر کھلائے، فیصل اکرم بہترین اسپنر ہیں ان کو بھی چانس ملے گا۔
افتخار احمد کا کہنا تھا کہ میں تھوڑا ایگریشن کے ساتھ کھیلتا ہوں، غصہ کرنا کرکٹ کی خوبصورتی ہے، شاہین اور میرے درمیان جو ہوا یہ کرکٹ کی خوبصورتی ہے، شاہین تو ابھی کپتان ہے اس کو غصہ سے نہیں دیکھ سکتا، شاہین ہمارا ٹیم میٹ ہے اسے غصے سے دیکھنا مشکل کام تھا۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل 9 کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی ہے۔
ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کا 167 رنز کا ہدف 19 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
کپتان محمد رضوان 82 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ افتخار احمد نے 11 گیندوں پر 34 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی دلوائی۔