پاکستان
Time 23 فروری ، 2024

پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج صبح 10 بجےہوگا، نو منتخب ارکان حلف اٹھائیں گے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسپیکر اسمبلی سبطین خان کے زیر صدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج صبح 10 بجے ہوگا۔

پنجاب اسمبلی میں نو منتخب ایوان کے پہلے سیشن میں اسپیکر صوبائی اسمبلی سبطین خان نو منتخب ارکان سے حلف لیں گے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے تمام اراکین نے بھی اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

دوسری جانب ن لیگ کی جانب سے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کیلئے نامزد امیدوار مریم نواز نے ن لیگ کے نو منتخب ارکان کا اجلاس صبح 9 بجے ہی اسمبلی کی لابی میں بلا لیا ہے۔

پنجاب اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی سید علی حیدر گیلانی پارلیمانی لیڈر مقرر کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ سندھ اسمبلی کا اجلاس ہفتے کے روز بلایا گیا ہے، اجلاس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

خیبر پختون خوا اسمبلی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ اب تک نہ ہوسکا، گورنر نجی مصروفیات کے باعث چار روز کیلئے شہر سے باہر گئے ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد پنجاب اسمبلی پہلی صوبائی اسمبلی ہے جس کا اجلاس ہو رہا ہے۔

پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن 137 اراکین کے ساتھ سب سے زیادہ نشستیں رکھنے والی پارٹی ہے جبکہ آزاد امیدوار دوسرے نمبر پر ہیں، کئی آزاد امیدوار مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان بھی کر چکے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے لیے اقلیتوں کی نشست کا نوٹیفکشن جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق مسلم لیگ ن کے 5 امیدوار اقلیتی نشست پر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن

گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی اور سندھ اسمبلی میں مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا تھا۔

پنجاب اسمبلی میں مخصوص نشستوں کے نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی کی 36 نشستوں پر مسلم لیگ ن کی خواتین امیدوار کامیاب ہوئی ہیں، 3 نشستوں پر پیپلزپارٹی، 2 پر مسلم لیگ ق اور ایک نشست پر استحکام پاکستان پارٹی کی امیدوار کامیاب ہوئی ہیں۔

خیال رہےکہ پنجاب اسمبلی میں خواتین کی 66 اور اقلیتوں کے لیے 8 نشستیں مخصوص ہیں۔

پنجاب اسمبلی کی اقلیتوں کی 8 میں سے 5 اور خواتین کی 66 نشستوں میں سے 42 کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :