Time 24 فروری ، 2024
پاکستان

ممنوعہ فنڈنگ کیس: طارق شفیع کا نام پاسپورٹ کنٹرول سے نکالنے کا حکم

عدالت نے ڈی جی پاسپورٹ کو ایک ہفتے میں رپورٹ عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیا/ فائل فوٹو
عدالت نے ڈی جی پاسپورٹ کو ایک ہفتے میں رپورٹ عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیا/ فائل فوٹو

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے اہم ملزم طارق شفیع  کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکال کر بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں اہم ملزم طارق شفیع کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا 6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

عدالت نے طارق شفیع کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) سے نکالنے کی ہدایت کرتے ہوئے ڈی جی پاسپورٹ کو ایک ہفتے میں رپورٹ عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیا۔ 

عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ اسی کیس میں ایک اور ملزم فیصل مقبول شیخ کا نام 20 جولائی 2023 کو نکالنے کا حکم دیا گیا  جب کہ 23 جنوری 2023 کو طارق شفیع کا نام پی سی ایل پر ڈالا گیا۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ یہ بھی فیصل مقبول شیخ اور شیریں مزاری کیس جیسا ہے، دونوں کیسز میں عدالت نے پی سی ایل سے نام نکالنے کا حکم دیا اور دونوں فیصلے فیلڈ میں ہیں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے دلائل سننے کے بعد  عدالت نے طارق شفیع کا نام بھی ایک ہفتے میں پی سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا۔

مزید خبریں :