25 فروری ، 2024
اگر آپ ایکس (ٹوئٹر کا نیا نام) ایپ استعمال کرتے ہیں اور ماہانہ فیس ادا نہیں کرتے تو اچھی خبر یہ ہے کہ بہت جلد آپ اس پر آڈیو اور ویڈیو کال کرسکیں گے۔
جی ہاں ایلون مسک کے زیر ملکیت سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں آڈیو اور ویڈیو کال کا فیچر تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔
ابھی اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ ایکس کے سبسکرپشن پروگرام کا حصہ بنیں۔
ایکس کی چیف ایگزیکٹو (سی ای او) لینڈا یاکارینو نے تمام صارفین کے لیے اس فیچر کو متعارف کرانے کی تصدیق کی ہے۔
یہ فیچر بتدریج عام صارفین کے لیے متعارف کرانے کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔
صارفین آڈیو یا ویڈیو کالز کو ڈائریکٹ میسجز سیٹنگز کے ذریعے کنٹرول کر سکیں گے۔
خیال رہے کہ یہ فیچر اکتوبر 2023 میں آئی او ایس صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا تھا اور جنوری 2024 میں اینڈرائیڈ ایپ کا حصہ بنا ہے۔
یہ نئی تبدیلی ایلون مسک کی جانب سے ایکس کو سپر ایپ بنانے کے اقدامات کا حصہ ہیں۔
ایلون مسک عرصے سے کہہ رہے ہیں کہ وہ ایکس کو ایسی ایپ بنانا چاہتے ہیں جہاں ہر قسم کی سروس صارف کو دستیاب ہو۔
ایلون مسک کو توقع ہے کہ آڈیو اور ویڈیو کالز کے فیچر سے مزید افراد کو اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لانے میں مدد ملے گی۔
اسی طرح یہ کمپنی پیمنٹ فیچر کو بھی ایکس کا حصہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔