Geo News
Geo News

دنیا
26 جنوری ، 2013

مصر کے مختلف شہروں میں جھڑپیں، 5 افرادہلاک، سینکڑوں زخمی

مصر کے مختلف شہروں میں جھڑپیں، 5 افرادہلاک، سینکڑوں زخمی

قاہرہ… مصر میں انقلاب کی دوسری سالگرہ پرقاہرہ اور دیگر بڑے شہر میدانِ جنگ بنے رہے۔ موجودہ صدر محمد مرسی کے مخالفین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں 5 افراد ہلاک اور تقریباً 400 زخمی ہوگئے، جن میں 50 سے زائد سیکیورٹی اہل کار بھی شامل ہیں۔ سابق مصری صدر حسنی مبارک کے خلاف انقلاب کی دوسری سالگرہ پر حزِب اختلاف سے تعلق رکھنے والے سیکولر گروپوں نے صدر محمد مرسی اور اخوان المسلمون کے خلاف مظاہروں کی اپیل کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اخوان المسلمون نے انقلاب کو ہائی جیک کرلیا ہے۔ مظاہروں کے دوران مصر کے بڑے شہروں قاہرہ، اسکندریہ ، سوئز، پورٹ سعید اور اسماعیلیہ سمیت 9 صوبوں میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ شرپسندوں نے اخوان المسلمون کے دفاتر اور سرکاری عمارتیں جلادیں اور لوٹ مار کی، جبکہ کئی شہروں میں سڑکیں بلاک کردی گئیں۔ قاہرہ میں مظاہرین نے سرکاری ٹی وی اور ریڈیو اسٹیشن کی طرف جانے والی سڑک اور مرکزی پْل بند کردیا۔ شرپسندوں نے ٹی وی اسٹیشن اور صدارتی محل پر بھی دھاوا بولنے کی کوشش کی، لیکن سیکیورٹی اہل کاروں نے آنسو گیس فائر کرکے اْن کی کوشش ناکام بنادی۔ سوئز شہر میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں فائرنگ سے 5 افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ واضح نہیں ہے کہ مرنے والے افراد پولیس اہل کار ہیں یا ان کا تعلق مظاہرین سے ہے۔ اپوزیشن نے صدرمرسی کیخلاف احتجاج جاری رکھنے کااعلان کیا ہے اور قاہرہ کے تحریر اسکوائر پر بڑی تعداد میں مظاہرین جمع ہیں۔

مزید خبریں :