26 فروری ، 2024
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلا کر اپنے منصب کی نہیں پی ٹی آئی کےحلف کی پاسداری کر رہے ہیں۔
میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری بھیجی گئی تھی لیکن انہوں نے اب تک اس پر دستخط نہیں کیا، صدر کی جانب سے اجلاس کو مخصوص نشستوں کے فیصلے سے مشروط کرنا افسوسناک ہے۔
شیری رحمان نے مزید کہا کہ عارف علوی کا دور پہلے ہی تنازعات کا شکار رہا ہےاور وہ جانے سے پہلے بھی وہ صدارتی نہیں تحریک انصاف کے حلف کی پاسداری کر رہے ہیں، آئین کے آرٹیکل (2) 91کے مطابق الیکشن کے بعد 21 دن تک اجلاس بلانا لازمی ہوتا ہے اور اس میں کسی زیر التواء معاملے کی شرط نہیں ہوتی۔
رہنما پیپلز پارٹی نے صدر عارف علوی پر آئینی بحران پیدا کرنے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا صدر کو جانے سے پہلے ایسے کسی بھی غیر آئینی اقدام سے گریز کرنا چاہیے۔