عامر خان اے آئی ٹیکنالوجی کے بارے میں کیا سوچتے ہیں؟

عامر خان / فائل فوٹو
عامر خان / فائل فوٹو

حالیہ عرصے میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھا ہے اور مستقبل قریب میں توقع ہے کہ ہر شعبہ زندگی کے لیے وہ بہت اہم ہوگی۔

مگر اس نئی ٹیکنالوجی کے بارے میں بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کیا سوچتے ہیں؟

ایک حالیہ کانفرنس کے دوران عامر خان نے اے آئی ٹیکنالوجی کے بارے میں بات کی۔

انہوں نے کہا کہ 'اے آئی ایک طوفان کی طرح دنیا پر چھا رہی ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا نئی طرح کی ٹیکنالوجیز کا مشاہدہ کرتی رہے گی۔

بالی وڈ اسٹار نے کہا کہ 'ہم اپنے گرد نئی طرح کی ٹیکنالوجیز کو دیکھتے رہیں گے، اے آئی اس وقت دنیا میں طوفان کی طرح چھا رہی ہے، جب ہم آگے بڑھیں گے تو علم ہوگا کہ اس سے کیا اثرات مرتب ہو رہے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں ہمیشہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں پیچھے رہتا ہوں اور میری زندگی کہانیوں کے گرد گھومتی ہے'۔

عامر خان کے مطابق 'ٹیکنالوجی کی واپسی اب ممکن نہیں، کسی بھی شعبے یا صنعت میں آپ ایک نئی ٹیکنالوجی کی روک تھام نہیں کر سکتے، تو اے آئی ٹیکنالوجی کو بھی روکنے کی ضرورت نہیں، بلکہ آپ کو اس کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا'۔

ان کی سابق اہلیہ کرن راؤ نے بھی کانفرنس میں اسی طرح کے خیالات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ 'مجھے علم نہیں اے آئی کے ذریعے کیا کچھ ہو سکتا ہے،  مگر یہ جانتی ہوں کہ چیٹ جی پی ٹی سے اسکول کے طالبعلموں کو مدد مل سکتی ہے، ہمیں علم ہے کہ یہ چیٹ بوٹ لکھنے اور ایڈیٹنگ میں معاون ثابت ہوتا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ بحث چل رہی ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی کو لکھنے کی اجازت دینی چاہیے یا نہیں، مگر مجھے نہیں لگتا کہ آپ اے آئی کو روک سکتے ہیں، ہم سب ہی اس ٹیکنالوجی کو کسی نہ کسی شکل میں استعمال کر رہے ہیں، اہمیت اس بات کی ہے کہ آپ اسے کیسے استعمال کرتے ہیں'۔

مزید خبریں :