28 فروری ، 2024
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے لاہور میں عربی رسم الخط والا لباس پہنے خاتون کو مشتعل ہجوم سے بچانے والی اے ایس پی شہربانو نقوی سے ملاقات کی اور غیر یقینی صورتحال پر قابو پانے پر ان کے پروفیشنل کردار کی تعریف کی۔
نڈر آفیسر شہر بانو نقوی نے 26 فروری 2024 کو لاہور کے اچھرہ بازار کے مشتعل ہجوم سے ایک خاتون کو بحفاظت نکالا تھا۔
آرمی چیف نے بہادر پولیس آفیسر شہر بانو نقوی سے ملاقات کر کے ان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستانی خواتین زندگی کے تمام شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، خواتین معاشرے کا انمول حصہ اور ان کا احترام مذہب اور ہماری معاشرتی اقدار میں بھی شامل ہے۔
جنرل عاصم منیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ تحفظات اور شکایات کے حل کے لیے قانونی راستے میسر ہوتے ہوئے قانون کو ہاتھ میں نہ لیا جائے، بدعت کی بنیاد پر من مانی کارروائیاں معاشرے کے نقطہ نظر کو کمزور کرتی ہیں۔