28 فروری ، 2024
گوگل کی جانب سے کروم ویب براؤزر میں چند نئے فیچرز کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
گوگل کروم کا نیا 123 ورژن مارچ میں متعارف کرایا جائے گا جس کا ابھی بیٹا (beta) ورژن جاری کیا گیا ہے۔
کروم 123 میں چند دلچسپ فیچرز صارفین کو دستیاب ہوں گے۔
ایک فیچر اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں پی ڈی ایف ریڈر کو کروم براؤزر کا حصہ بنانے کے حوالے سے ہے۔
اس وقت کروم براؤزر کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں پی ڈی ایف ریڈر کا استعمال کافی عرصے سے ہو رہا ہے، مگر اب اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز کے لیے یہ فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے۔
اس فیچر سے اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں پی ڈی ایف فائلز کو ڈاؤن لوڈ کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ وہ ویب براؤزر میں ہی اوپن ہو جائیں گی۔
ایک نیا فیچر کروم کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں اینڈرائیڈ جیسے میڈیا پلیئر کے حوالے سے ہے۔
کروم 123 کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں ایک نیا میڈیا پلیئر ویب براؤزر کا حصہ بنے گا۔
اس طرح کا میڈیا پلیئر ابھی گوگل پکسلز فونز میں دیکھنے میں آتا ہے جس میں پلے بیک اور کاسٹنگ بٹنز کو تبدیل کیا جائے گا۔
ایک اور نیا فیچر ٹیب گروپ شیئرنگ کا ہے۔
اس فیچر سے آپ کروم پر لنکس کی بجائے ٹیب گروپس کو شیئر کرسکیں گے۔
یہ فیچر اینڈرائیڈ ڈیوائسز اور ڈیسک ٹاپ ورژن کے کروم صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔
اسی طرح کروم 123 میں مختلف ڈیوائسز میں سوئچ کرنے کا عمل بھی آسان بنایا جا رہا ہے۔
گوگل کی جانب سے اس کے لیے ایک نیا Resume tabs آپشن کروم براؤزر کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔
اس آپشن کے تحت دیگر ڈیوائسز میں اوپن کیے گئے ٹیبز کو کسی نئی ڈیوائس کے ٹیب پیج میں دکھایا جائے گا۔
یہ فیچر ڈیسک ٹاپ، اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔