Time 28 فروری ، 2024
کھیل

پی ایس ایل میچز کراچی میں شروع، شائقین کی عدم دلچسپی، اسٹیڈیم خالی

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) 9 کراچی آگیا مگر اسٹیڈیم میں تماشائی میچ دیکھنے نہ آئے۔

ملتان اور لاہور میں پی ایس ایل کے میچز ہونے کے بعد اب ٹورنامنٹ کے میچز کراچی میں شروع ہوگئے ہیں۔ پی ایس ایل 9 کا کراچی میں آج پہلا میچ کھیلا جارہا ہے۔

بدھ کوکراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کے خلاف میچ میں ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ 

اس میچ کو دیکھنے اسٹیڈیم میں شائقین کی عدم دلچسپی نظر آئی، اسٹینڈ خالی دکھائی دیے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کا آغاز ملتان اور لاہور سے ہوا جہاں شائقین کی بڑی تعداد نے اسٹیڈیم کا رخ کیا، ملتان اور لاہور میں کچھ میچز میں ہاؤس فل رہا، لیکن ہر میچ میں 70 سے 80 فیصد عوام نے ملتان اسٹیڈیم اور قذافی اسٹیڈیم کا رخ کیا۔

لیکن جب کراچی میں میچز کا آغاز ہوا تو پہلے میچ میں شائقین کی حاضری مایوس کن نظر آئی۔ جب ٹاس ہوا تو اس وقت اسٹیڈیم میں ایک سے ڈیرھ ہزا افراد ہی موجود تھے ، تاہم آہستہ آہستہ عوام نے اسٹیڈیم کا رخ کیا۔ پہلے میچ میں 32 ہزار افراد کی گنجائش والے اسٹیڈیم میں تقریباً 7 سے 8 ہزار افراد موجود تھے۔

 کراچی میں عوام کی عدم دلچسپی کیلئے جب ان سے پوچھا گیا تو شائقین نے مختلف وجوہات بتائیں کسی نے سہولتوں کی کمی کا رونا رویا تو کوئی پارکنگ ایریا اسٹیڈیم سے دور ہونے کی شکایت کرتا نظر آیا ، کسی نے مہنگے ٹکٹس اور اسٹیڈیم میں مہنگے کھانے کا شکوہ کیا۔

اکثر شائقین اسٹیڈیم کے پانچ گیٹ بند ہوجانے کی شکایت بھی کرتے نظر آئے جب اس کی حیقیت جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ واقعی اسٹیڈیم کے پانچ گیٹ بند تھے جس کی وجہ سکیورٹی قرار دیا گیا، کیونکہ جس سڑک پر وہ پانچ گیٹ ہیں وہ اسٹیڈیم کی دیوار سے متصل ہے وہ سڑک ٹریفک کیلئے بھی بند تھی اور عوام کے پیدل چلنے کیلئے بھی بند کی گئی تھی۔

اس کے علاوہ حسن اسکوائر سے نیشنل کوچنگ سینٹر آنے والا روڈ بھی ٹریفک کیلئے بند تھا اور قاسم عمر پل کا بھی ایک حصہ ٹریفک کیلئے بند تھا۔

ماضی میں اسٹیڈیم سے متصل تمام روڈ عام ٹریفک کیلئے بند ہوا کرتے تھے لیکن پھر عوام کیلئے نرمی ہونے لگی اب تما م سڑکیں صرف ٹیموں کی آمد اور روانگی کے وقت کچھ دیر کے لیے بند ہوتی ہیں اور پھر ماسوائے چند ایک سڑک کے کھول دی جاتی ہیں۔

عوام کا کہنا ہے کہ ابھی پہلا میچ ہے پلے آف یا آنے والے دنوں میں عوام اسٹیڈیم کا رخ کریں گے رمضان المبارک کا آغاز ہوگا اور مقابلے رات 9 بجے شروع ہوں گے اس وقت عوام کی کتنی بڑی تعداد اسٹیڈیم آئے گی یہ ایک بڑا سوال ہے ؟

مزید خبریں :