Time 29 فروری ، 2024
پاکستان

مغربی ہواؤں کا نیا طاقتور سسٹم آج ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہوگا

جمعے کے روز کراچی اور مضافات میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان جبکہ حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین اور تھرپارکر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی— فوٹو: فائل
جمعے کے روز کراچی اور مضافات میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان جبکہ حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین اور تھرپارکر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی— فوٹو: فائل

محکمہ موسمیات  نے خبردار کردیا ہے کہ مغربی ہواؤں کا نیا طاقتور سسٹم آج ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہوجائے گا جس سے آئندہ دو روز کے دوران بلوچستان اور سندھ کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے نئے سسٹم کے تحت بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مزید بارش کا امکان ہے، اس دوران گوادر، کیچ، پنجگور، آواران، بارکھان، کوہلو، سبی، نصیرآباد اور دالبندین سمیت خضدار میں برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری  موسم کی ایڈوائزری کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا طاقتور سسٹم ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونے کے بعد 29 فروری اور یکم مارچ کے دوران گوادر، پسنی، جیوانی، اورماڑہ، کیچ اور پنجگور سمیت مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق نئے سسٹم کے تحت چاغی، نوشکی، قلات، خضدار، لسبیلہ، آواران، خاران، واشک، مستونگ، سبی، نصیرآباد، ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو، جھل مگسی اور لورالائی میں بھی بارش کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، زیارت میں بھی بارش اور بہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

اس دوران صوبے کے اکثر مقامات پر  آندھی کے علاوہ جھکڑ چلنے کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے۔

ادھر محکمہ موسمیات نے کراچی میں بھی جمعے کے روز بادل برسنے کا امکان ظاہر کردیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے کے روز کراچی اور مضافات میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان جبکہ حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین اور تھرپارکر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

کل سے یکم مارچ تک جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر اور گھوٹکی سمیت مختلف شہروں میں آندھی اور بارش کا امکان ہے جبکہ بلوچستان پر اثرانداز مغربی ہواؤں کے سلسلے میں آج سے شدت کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے یکم مارچ تک بلوچستان کے ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں نہ جانے  جبکہ سندھ کے ماہی گیروں کو پیشگوئی کی مدت کے دوران محتاط رہنے کا مشورہ دیدیا ہے۔

مزید خبریں :