Time 29 فروری ، 2024
پاکستان

قومی اسمبلی اجلاس آج صبح 10 بجے ہوگا، نو منتخب اراکین حلف لیں گے

16 ویں قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نو منتخب ارکان سے حلف لیں گے، حلف کے بعد تمام ارکان رجسٹر پر دستخط بھی کریں گے— فوٹو: فائل
16 ویں قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نو منتخب ارکان سے حلف لیں گے، حلف کے بعد تمام ارکان رجسٹر پر دستخط بھی کریں گے— فوٹو: فائل

قومی اسمبلی کا اجلاس آج صبح 10 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا، نئی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں نو منتخب اراکین حلف اٹھائیں گے۔

مجوزہ شیڈول کے مطابق 29 فروری کو 16 ویں قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں  اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نو منتخب ارکان سے حلف لیں گے، حلف کے بعد تمام ارکان رجسٹر پر دستخط بھی کریں گے۔

قومی اسمبلی میں پہلے مرحلہ کی تکمیل کے بعد دوسرے مرحلے میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے، جس کے بعد اگلے مرحلے میں خفیہ رائے شماری کے ذریعے ایوان کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے الیکشن کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے، دونوں عہدوں کیلئے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی دن 12 بجے سے پہلے جمع کروا سکیں گے، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا الیکشن یکم مارچ بروز جمعہ کو ہوگا۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق وزیراعظم کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی 3 مارچ کو جمع ہوں گے جبکہ چار مارچ کو وزیر اعظم کا انتخاب کیا جائے گا۔

شہباز شریف کو دوسری بار وزیر اعظم بننے کیلئے 169 ووٹ درکار ہیں، اس وقت مسلم لیگ ن اور اتحادیوں کو 200 سے زائد ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

اس وقت قومی اسمبلی کا ایوان 336 ارکان پر مشتمل ہے جن میں سے 266 نشستوں پر براہ راست انتخابات کے ذریعے ارکان اسمبلی کو منتخب کیا جاتا ہے باقی ارکان مخصوص نشستوں پر ایوان کا حصہ بنتے ہیں۔

مزید خبریں :