01 مارچ ، 2024
بچوں میں دانت کی تکلیف نہ صرف بچوں بلکہ والدین کیلئے بھی مشکل بن جاتی ہے۔
دانتوں میں کوئی بھی تکلیف کیوں نہ ہو اس کا درست طریقہ تو ڈینٹسٹ سے چیک اپ کا ہی ہے لیکن درد سے فوری چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے چند گھریلو ٹوٹکوں کا آزمایا جاسکتا ہے۔
نمکین پانی کے غرارے:
نیم گرم پانی میں نمک ڈال کر غرارے کرنے کا یہ ٹوٹکہ صدیوں پرانا اور کارآمد بھی ہے، یہ سوزش کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے اور قدرتی جراثیم کش کے طور پر کام کرتا ہے۔
صبح شام نمک کے پانی کے غرارے کرنے سے آپ کے بچے کو دانتوں کے درد سے آرام مل سکتا ہے۔
یخ ٹھنڈا پانی یا برف کا استعمال:
دانتوں میں اگر درد یا سوزش ہو تو یخ ٹھنڈے پانی یا برف کے ٹکڑوں کو منہ میں رکھنے سے بھی درد کم کو کیاجاسکتا ہے جبکہ یہ عمل دانتوں اور مسوڑوں سے نکلنے والے خون کو بھی روکتا ہے۔
اس کے علاوہ برف کو بچوں کے گال پر یا متاثرہ جگہ پر رکھ کر بھی درد اور سوزش کو کم کیا جاسکتا ہے۔
لونگ یا لونگ کے تیل کا استعمال:
لونگ میں قدرت نے بےشمار فوائد رکھے ہیں، یہ کھانسی سے نجات دینے کے ساتھ ساتھ دانتوں کے درد کو کم کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔
لونگ کے تیل کو روئی پر لگا کر متاثر دانت پر لگانے سے دانت کی تکلیف دور ہوسکتی ہے اگر لونگ کا تیل نہ ہوتو لونگ کو دانتوں سے چبا کر بھی فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔
اس کے علاوہ والدین کیلئے ضروری ہے کہ بچوں میں پانی زیادہ پینے کی عادت ڈالیں کیونکہ پانی پینے سے بیکٹیریا دانتوں میں نہیں رہتے، ساتھ ہی بچوں کو دانتوں کو صاف رکھنے کی بھی عادت ڈالیں اس طریقے سے بھی دانتوں کی تکلیف سے بچا جاسکتا ہے۔