26 جنوری ، 2013
لاہور…لاہورمیں نائب وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ کے باہر ایپکا کے زیرِاہتمام سرکاری ملازمین نے وفاقی حکومت کی جانب سے پے اینڈپینشن کمیٹی سفارشات پر عمل درآمد نہ کرنے اور ایڈکاک الاونسز بیسک پے میں ضم کرنے کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا،تاہم نائب وزیر اعظم چوہدری پرویز الٰہی نے اُن کے مطالبات جلد ہی حل کروانے کی یقین دہانی بھی کروادی۔لاہور میں ایپکا کے سیکڑوں کارکنوں نے نائب وزیر اعظم پرویز الٰہی کی رہائشگاہ کے باہر احتجاجی دھرنا دیا اور سڑک بلاک کردی۔ مظاہرین نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی بنائی گئی پے اینڈپینشن کمیشن نے تین سال قبل سرکاری ملازمین کی تنخواہوں و ہاوٴس رینٹ میں اضافے، پے اسکیل ریوائز کرنے ، کنٹریکٹ ملازمین کومستقل کرنے اور گریڈ ایک سے سولہ تک کے سرکاری ملازمین کی اپگریڈیشن کے وعدے کیے تھے جنہیں آج تک وفا نہیں کیا جاسکا۔ ملازمین نے نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ اُن کے مطالبات کی منظوری تک وہ احتجاج جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم چوہدری پرویز الٰہی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ جلد ہی وزیراعظم سے ملاقات میں ایپکا ملازمین کے مطالبات رکھیں گے۔نائب وزیر پرویز الٰہی نے ایپکا ملازمین کے مطالبات کی منظوری کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔