02 مارچ ، 2024
یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی مزید مہنگی ہونےکا خدشہ ہے، یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے رمضان سے قبل 20 ہزار میٹرک ٹن چینی خریدی ہے جوکہ آخری ٹینڈر کے مقابلے میں 17 روپے 10 پیسے مہنگی خریدی گئی ہے۔
ذرائع کےمطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے 70 ہزار میٹرک ٹن چینی کے ٹینڈر کے تحت 20 ہزار میٹرک ٹن چینی کی خریداری کرلی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے رمضان میں چینی کی دستیابی یقینی بنانےکے لیے چینی کی خریداری کے لیے ٹینڈر جاری کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق نئی خریدی گئی چینی کو ملا کر یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے پاس چینی کا اسٹاک بڑھ کر 40 ہزار میٹرک ٹن کے قریب پہنچ گیا ہے۔
یوٹیلیٹی اسٹورز نے اس سے قبل نومبر 2023 میں 40 ہزار میٹرک ٹن چینی خریدی تھی جو کہ 124 روپے 90 پیسےفی کلو کے حساب سے خریدی تھی اور اخراجات ملا کرکارپوریشن کو فی کلوچینی تقریباً 138 روپے میں پڑی تھی۔
تاہم اس مرتبہ چینی 142 روپے کلو کے حساب سے خریدی گئی ہے جو اخراجات ملا کر تقریباً 155 روپے کلو پڑے گی۔
خیال رہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر پہلے ہی چینی عام مارکیٹ سے مہنگی مل رہی ہے، عام مارکیٹ میں ایک کلو چینی 145 سے 150 روپے کلو میں دستیاب ہے۔