Time 03 مارچ ، 2024
دنیا

بھارت میں غیرملکی خاتون سیاح کا گینگ ریپ، 4 ملزمان گرفتار

متاثرہ جوڑا جنوبی ایشیا کا سیاحتی دورہ کررہا تھا اور سری لنکا کا سفر مکمل کرنے کے بعد بھارت پہنچا تھا— فوٹو: دانش صدیقی/رائٹرز
متاثرہ جوڑا جنوبی ایشیا کا سیاحتی دورہ کررہا تھا اور سری لنکا کا سفر مکمل کرنے کے بعد بھارت پہنچا تھا— فوٹو: دانش صدیقی/رائٹرز

بھارت میں غیر ملکی سیاح کے ساتھ زیادتی کا ایک اور واقعہ پیش آیا جہاں جمعے کے روز ریاست جھار کھنڈ میں 28 سالہ ہسپانوی خاتون سیاح کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

غیرملکی  میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام کی جانب سے متاثرہ خاتون کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ خاتون ایک سیاح اور بلاگر ہیں جن کے انسٹاگرام پر 2 لاکھ سے زائد فالورز ہیں۔

واقعے کے وقت خاتون سیاح اپنے ساتھی کے ساتھ سفر کررہی تھیں۔ انہوں نے رات گزارنے کے لیے جھارکھنڈ کے ضلع دمکا میں ٹینٹ لگایا جہاں 7 افراد نے ان پر حملہ کیا، گروہ نے خاتون سیاح کو اجتماعی ذیادتی کا نشانہ بنایا اور ان کے ساتھی کو زد و کوب کیا۔ 

خاتون سیاح نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں واقعے کی تفصیل سے آگاہ کیا جبکہ سیاح کے مرد ساتھی نے بھی اپنی پوسٹ میں کہا کہ ان کے سر پر متعدد بار ہیلمٹ سے ضرب لگائی گئی۔

بعدازاں گشت پر مامور پولیس کی ایک گاڑی نے رات گئے اس جوڑے کو ریسکیو کرنے کے بعد اسپتال منتقل کیا۔

حکام کے مطابق واقعے میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ جھارکھنڈ کے پولیس چیف نے میڈیا کو بتایا ہے کہ گروہ کے تمام افراد کی شناخت ہوچکی ہے اور باقی ملزمان کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ جوڑا جنوبی ایشیا کا سیاحتی دورہ کررہا تھا اور سری لنکا کا سفر مکمل کرنے کے بعد بھارت پہنچا تھا۔

خیال رہے کہ بھارت میں خواتین کے خلاف جنسی تشدد کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں جہاں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی خواتین خاص طور پر ان کا شکار ہوتی ہیں۔ 

بھارت کے نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو کے مطابق سال 2022 میں بھارت میں زیادتی کے اوسطاً 90 کیسز یومیہ رپورٹ ہوئے جس کا مطلب ہے کہ ہر 18 منٹ میں ایک خاتون جنسی زیادتی کا شکار ہوئی۔

مزید خبریں :