Time 04 مارچ ، 2024
پاکستان

مقامی حکومت صوبائی معاملہ ہے، بہتری لانے کیلئے کسی معاہدے کی ضرورت نہیں: مراد علی شاہ

بہتری کی ضرورت ہوئی تو سندھ اسمبلی ہی لائے گی جہاں ن لیگ کا کوئی رکن ہی موجود نہیں: وزیراعلیٰ سندھ کی گفتگو— فوٹو: فائل
بہتری کی ضرورت ہوئی تو سندھ اسمبلی ہی لائے گی جہاں ن لیگ کا کوئی رکن ہی موجود نہیں: وزیراعلیٰ سندھ کی گفتگو— فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی حکومتوں کو مؤثر بنائیں گے، مکمل بااختیار صرف اللہ کی ذات ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد مقامی حکومت صوبائی معاملہ ہے، اس میں بہتری کی ضرورت ہوئی تو بہتری سندھ اسمبلی سے ہی لائے جائے گی جہاں ن لیگ کا کوئی رکن موجود نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی حکومتوں میں بہتری لانے کیلئے کسی معاہدے کی ضرورت نہیں ہے۔

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس پر تنقید کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ جی ڈی اے کے دو نومنتخب ارکان پیر پگارا کی بات بھی نہیں مان رہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اخراجات جمع کروا کے نوٹیفکیشن حاصل کرچکے ہیں اور حلف اٹھانے کیلئے اسمبلی کے دروازے پر کھڑے ہیں۔

خیال رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان اور پاکستان مسلم لیگ ن کے درمیان بلدیاتی اداروں  سے متعلق قانون میں ترمیم سے متعلق معاہدہ طے پایا تھا۔

آئین کے آرٹیکل 140 میں ترمیم  کےمعاہدے پر ایم کیو ایم کی جانب سے مصطفیٰ کمال جبکہ ن لیگ کی جانب سے احسن اقبال نے دستخط کیے تھے۔

معاہدے کے مطابق آرٹیکل 140 کے تحت صوبوں کو دیے جانے والے فنڈز ضلعی حکومتوں کو جائیں گے۔

مزید خبریں :