خواہش ہے پاکستان کی نمائندگی کروں اور ویرات کوہلی کو آؤٹ کروں: سلمان ارشاد

پاکستان کیلئےکھیلنا میرا ہدف ہے، سینے پر جب تک اسٹار نہیں لگ جاتا اس وقت تک خواب پورا نہیں ہوگا: جیونیوز سے گفتگو/ فائل فوٹو
پاکستان کیلئےکھیلنا میرا ہدف ہے، سینے پر جب تک اسٹار نہیں لگ جاتا اس وقت تک خواب پورا نہیں ہوگا: جیونیوز سے گفتگو/ فائل فوٹو

پاکستان سپر لیگ 9  کی فرنچائز  پشاور زلمی کے فاسٹ بولر سلمان ارشاد  کا کہنا ہے کہ  خواہش  ہے پاکستان کی نمائندگی کروں اور ویرات کوہلی کو آؤٹ کروں۔

جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان ارشاد نے کہا کہ پی ایس ایل، سی پی ایل اور ٹی ٹین میں دنیا کے ہر ٹاپ بیٹر کو آؤٹ کیا ہے، نیٹ پر ویرات کوہلی کو بولنگ کراچکا ہوں مگر میچ کی خواہش ہے۔

انہوں نے کہا خواہش ہے کہ پاکستان کی نمائندگی کروں اور ویرات کوہلی کو آؤٹ کروں، پی ایس ایل میں بابر اور رضوان، سی پی ایل میں پولارڈ اور رسل کو آؤٹ کرچکا ہوں،  جیسی بیٹنگ کنڈیشنز پی ایس ایل میں ہیں اس میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔

 انہوں نے کہا کہ مختصر باؤنڈری میں مس ہٹ بھی باؤنڈری ہوجاتی ہے، کوشش ہوگی کہ ٹورنامنٹ کے اختتام تک ٹاپ بولر بن جاؤں،  پاکستان کیلئےکھیلنا میرا ہدف ہے، سینے پر جب تک اسٹار نہیں لگ جاتا اس وقت تک خواب پورا نہیں ہوگا۔

سلمان ارشاد کا کہنا تھاکہ فاسٹ بولرز میں مقابلہ سخت ہے لیکن میں محنت کررہا ہوں، امید ہے موقع ملے گا، آج کل کی ٹی ٹوئنٹی میں بولرز کے پاس آپشن کم ہے، بولرز کو اب بیٹرز سے ایک قدم آگے سوچنا پڑتا ہے۔

کرکٹر نے مزید کہا کہ بابراعظم مجھے بہت اچھی طرح سمجھاتے ہیں، بابر جیسے بیٹر کو بولنگ کرنا چیلنج ہوتا ہے، ان کے ساتھ کھیلنا اعزاز کی بات ہے، پشاور زلمی واحد ٹیم ہے جو ہر سال پلے آف کھیلی ہے، امید ہے اس سال بھی فائنل کھیلیں گے۔

مزید خبریں :