Geo News
Geo News

Time 05 مارچ ، 2024
پاکستان

پی ٹی آئی نے یوٹیوبرز عادل راجا اور حیدر مہدی سے لاتعلقی کا اعلان کردیا

پاکستان تحریک انصاف نے یوٹیوبرز عادل راجا اور حیدر مہدی سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنماؤں نے ویڈیو بیان جاری کر کے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا عادل راجا اورحیدر مہدی سے کوئی تعلق نہیں۔

پی ٹی آئی کی جانب سے ویڈیو بیان شیر افضل مروت نے جاری کیا جس میں جماعت کے ارکان پیچھے کھڑے تھے۔

اسد قیصر نے ویڈیو بیان میں کہا کہ عوام عادل راجا اور حیدر مہدی پر اعتماد نہ کریں، پی ٹی آئی کا اپنا میڈیا اور اپنے ترجمان ہیں، صرف پی ٹی آئی میڈیا اور ترجمان سے جاری بیانیہ ہی تسلیم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ چند دن سے شیر افضل مروت کے خلاف یوٹیوبر باہر سے بیٹھ کر مہم چلا رہے ہیں، یہ یوٹیوبرز شاہ محمود قریشی اور پرویز الہٰی کے خلاف بھی مہم کرتے رہے۔

اسد قیصر کا کہنا تھاکہ آئین اور قانون سے متعلق ہماری جدوجہد جاری رہے گی، ہم نے کبھی فوج کے خلاف بات نہیں کی، بانی پی ٹی آئی کا بیان ہے کہ ملک اور فوج میری ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم آئین و قانون کی بالادستی اور سول سپرمیسی چاہتے ہیں، عادل راجا اور حیدر مہدی کے پراپیگنڈے پر اعتماد نہ کریں، تحریک انصاف کا ان یوٹیوبرز سے کوئی تعلق نہیں ہے، پاکستان تحریک انصاف کا اپنا ترجمان اور اپنا بیانیہ ہے، اسے سامنے لایا جائے۔