ایلون مسک کے مقدمے پر اوپن اے آئی کا ردعمل سامنے آگیا

ایلون مسک / رائٹرز فوٹو
ایلون مسک / رائٹرز فوٹو

یکم مارچ 2024 کو ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک نے چیٹ جی پی ٹی تیار کرنے والی کمپنی اوپن اے آئی کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔

اس مقدمے میں ایلون مسک نے دعویٰ کیا تھا کہ اوپن اے آئی کو غیر منافع بخش بنیادوں پر کام کرنے کے لیے قائم کیا گیا تھا مگر سام آلٹمین اور کمپنی نے ان اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے۔

اب اس بارے میں اوپن اے آئی کا ردعمل سامنے آیا ہے۔

ایک بلاگ پوسٹ میں اوپن اے آئی کی جانب سے ایلون مسک کے تمام الزامات کو مسترد کر دیا گیا اور بتایا گیا کہ ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو نے کمپنی کو کیوں چھوڑا تھا۔

خیال رہے کہ ایلون مسک نے 2015 میں سام آلٹمین اور گریگ بروک مین کے ساتھ مل کر اوپن اے آئی کی بنیاد رکھی تھی۔

مگر 2018 میں ایلون مسک نے اوپن اے آئی سے یہ کہہ کر علیحدگی اختیار کرلی تھی کہ اے آئی ٹیکنالوجی جوہری ہتھیاروں سے زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

اوپن اے آئی نے بتایا کہ 'ایلون مسک ہماری کمپنی کو ٹیسلا کا حصہ بنانا چاہتے تھے یا دوسری صورت میں چیف ایگزیکٹو بن کر کمپنی پر مکمل کنٹرول چاہتے تھے'۔

بلاگ پوسٹ میں کہا گیا کہ 'ہم منافع کے حصول کے لیے ایلون مسک کے اصولوں پر متفق نہیں تھے کیونکہ ہمیں لگتا تھا کہ کسی فرد کو اوپن اے آئی کا مکمل کنٹرول دینا ہمارے مشن کے خلاف ہے'۔

ایلون مسک نے اپنے مقدمے میں یہ بھی کہا تھا کہ اب یہ کمپنی دنیا کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ کی ذیلی شاخ میں تبدیل ہوچکی ہے۔

اسی طرح ان کا کہنا تھا کہ اوپن اے آئی اس کی جانب سے کمپنی کو قائم کرنے کے دوران کیے جانے والے بنیادی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی۔

ایلون مسک نے جس معاہدے کی خلاف ورزی کی بات کی، وہ اب تک عوام کے سامنے نہیں آیا اور اوپن اے آئی کے بلاگ میں بھی اس بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔

اوپن اے آئی کی جانب سے اوپن سورس کام نہ کرنے کے فیصلے کا دفاع بھی کیا گیا۔

بلاگ پوسٹ کے مطابق ایلون مسک اس بات سے متفق تھے کہ کمپنی کے تحت آرٹی فیشل جنرل انٹیلی جنس (اے جی آئی) ٹیکنالوجی پر اوپن سورس کام نہیں کیا جائے گا۔

اوپن اے آئی نے ایلون مسک کی 2016 میں تحریر کردہ ایک ای میل کا اسکرین شاٹ بھی جاری کیا جس میں کمپنی کے ایک شریک بانی Ilya Sutskever نے کہا تھا کہ 'اس وقت جب ہم اے آئی کی تیاری کے قریب ہیں، تو یہ بات زیادہ قابل فہم لگتی ہے کہ اس کام کو زیادہ اوپن نہ کیا جائے'۔

اس ای میل کے جواب میں ایلون مسک نے ہاں لکھا تھا۔

یہ وہ ای میل ہے / فوٹو بشکریہ اوپن اے آئی
یہ وہ ای میل ہے / فوٹو بشکریہ اوپن اے آئی

بلاگ پوسٹ میں کہا گیا کہ جب ایلون مسک کو اوپن اے آئی میں اپنی پسند کی پوزیشن نہیں ملی تو انہوں نے ٹیسلا کے اندر اپنی اے جی آئی ٹیکنالوجی تیار کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کمپنی کو چھوڑ دیا۔

خیال رہے کہ ایلون مسک نے 2023 میں اپنا اے آئی پراجیکٹ متعارف کرایا تھا۔

مزید خبریں :