Time 10 مارچ ، 2024
پاکستان

الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخابات کا حتمی نتیجہ جاری کردیا

فارم 7 کے مطابق صدارتی انتخابات میں آصف علی زرداری کو کُل 411 جبکہ محمود خان اچکزئی کو 181 ووٹ ملے— فوٹو: فائل
فارم 7 کے مطابق صدارتی انتخابات میں آصف علی زرداری کو کُل 411 جبکہ محمود خان اچکزئی کو 181 ووٹ ملے— فوٹو: فائل

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز ہونے والے صدارتی انتخابات کا حتمی نتیجہ جاری کردیا ہے۔

صدارتی انتخابات کے ریٹرننگ افسر سکندر سلطان راجہ کی جانب سے جاری کیے گئے حتمی نتیجے کے مطابق آصف علی زرداری صدارتی انتخابات میں صدر منتخب ہوگئے ہیں۔

ریٹرننگ افسر کی جانب سے جاری کیے گئے فارم 7 کے مطابق صدارتی انتخابات میں کُل ایک ہزار 44 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے 9 ووٹ مسترد ہوئے، آصف علی زرداری کو  411 جبکہ محمود خان اچکزئی کو 181 ووٹ ملے۔

فارم 7 کے مطابق آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ سے 255، سندھ اسمبلی سے 58، خیبر پختونخوا اسمبلی سے 8، پنجاب اسمبلی سے 43 اور بلوچستان اسمبلی سے 47 ووٹ حاصل کیے۔

محمود خان اچکزئی نے پارلیمنٹ سے 119، سندھ اسمبلی سے 3، خیبر پختونخوا اسمبلی سے 18 اور پنجاب اسمبلی سے 18 ووٹ حاصل کیے جبکہ بلوچستان اسمبلی سے کوئی ووٹ حاصل نہیں کیا۔

الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخابات کے نتیجے سے وفاقی حکومت کو بھی آگاہ کردیا ہے۔ 

سیکرٹری الیکشن کمیشن آصف حسین نے سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو خط لکھا ہے  اور صدارتی انتخاب کا حتمی نتیجہ وفاقی حکومت کوبھجوادیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ نو منتخب صدر آصف علی زرداری آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

مزید خبریں :