Time 10 مارچ ، 2024
کھیل

یوسف پٹھان نے کرکٹ کے بعد سیاست کے میدان میں قدم رکھ دیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل 

سابق بھارتی کرکٹر اور جارح مزاج بیٹر یوسف پٹھان نے کرکٹ کے بعد سیاست کے میدان میں قدم رکھ دیا ہے۔

بھارت میں 543 نشستوں پر مشتمل ایوان زیریں (لوک سبھا) کے انتخابات مختلف مراحل میں اپریل اور مئی میں ہوں گے جس کا باقاعدہ اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے اسی ہفتے متوقع ہے۔

لوک سبھا انتخابات کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، سیاسی جماعتیں  اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق سیاسی جماعت آل انڈیا ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) نے بھی مغربی بنگال کی سیٹوں پر اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔

ٹی ایم سی  کی جانب سے سابق  بھارتی کرکٹر یوسف پٹھان کو بھی ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یوسف پٹھان ترنمول کانگریس کی جانب سے برہام پور کی نشست سے الیکشن لڑیں گے جبکہ ان کا مقابلہ کانگریس کے ادھیررنجن چوہدری سے متوقع ہے۔

یوسف پٹھان اب 2011 ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم سے سیاست میں آنے والے تیسرے کھلاڑی ہیں۔ ورلڈ کپ کی بھارتی ٹیم میں سے گوتم گمبھیر اور ہربھجن سنگھ بھی سیاست میں شامل ہو چکے ہیں۔

یوسف پٹھان  کے چھوٹے بھائی اور سابق بھارتی فاسٹ بولر عرفان پٹھان نے سیاست میں شمولیت پر سوشل میڈیا پر بھائی کو  مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ یوسف پٹھان نے بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے 57 ون ڈے میچوں میں 27 کی اوسط سے 810 رنز بنائے۔ ان کے نام دو سنچریاں بھی ہیں۔ ٹی 20 انٹرنیشنلز میں انہوں نے 22 میچوں میں 18.15 کی اوسط اور 146.58 کے اسٹرائیک ریٹ سے 236 رنز بنائے۔

اس کے علاوہ 41 سالہ یوسف پٹھان 2007 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور 2011 میں ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کا حصہ تھے۔

مزید خبریں :