ایف آئی اے نے سائفرکیس میں عمران کی سزا کیخلاف اپیلوں کو ناقابل سماعت قرار دے دیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت سائفرکیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور  شاہ محمود قریشی کی سزاؤں کے خلاف  اپیلوں کو ناقابل سماعت  قرار  دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب پر مشتمل خصوصی بینچ  نے سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔

ایف آئی اےکے ا سپیشل پراسیکیوٹر حامد علی شاہ نے اعتراض اٹھایا کہ یہ اپیل 1923 کے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت نہیں، متعلقہ ایکٹ میں اپیل کا حق موجود ہی نہیں ہے۔ ضابطہ فوجداری کا بھی اطلاق نہیں ہوگا، سی آر پی سی بھی اس حوالے سے خاموش ہے۔

انہوں نےکہا کہ دوسرا اعتراض یہ ہےکہ اپیل دو رکنی بینچ نہیں سن سکتا۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹرسلمان صفدر نےکہا کہ  حیران کن بات ہےکہ ان کے اعتراضات یہ ہیں کہ نہ ایک اور نہ ہی دو جج  اپیل سن سکتے ہیں، پہلے ضمانت میں بھی یہی اعتراض آیا تھا پھر عدالت نے طےکیا تھا کہ یہ سن سکتے ہیں، کیا سزائے موت کے خلاف اپیل ہائی کورٹ میں دائر نہیں کی جاتی؟

عدالت نےکہا اگر اعتراض منظور بھی کر لیا جاتا ہے تو عدالتی کارروائی ختم نہیں ہوگی، صرف اپیل کی صورتحال تبدیل ہو جائےگی۔

جسٹس میاں گل حسن نے کہا کہ  ہم پہلے بنیادی اعتراض کو سن کر فیصلہ کریں گے۔

 چیف جسٹس نے کہا پراسیکیوشن نے جو سوال اٹھایا  ہے اسے دیکھنا ہوگا۔

عدالت نے دلائل طلب کرتے ہوئے اپیلوں پر سماعت 13 مارچ تک ملتوی کر دی۔

مزید خبریں :