Time 12 مارچ ، 2024
پاکستان

راولپنڈی: یکے بعد دیگرے 4گیس لیکیج دھماکوں میں 2 کمسن بہن بھائی جاں بحق، 11 زخمی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

راولپنڈی میں یکے بعد دیگرے 4گیس لیکیج دھماکوں میں 2 کمسن بہن بھائی جاں بحق اور تین خواتین سمیت 11 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔

راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں چند گھنٹوں کےدوران گیس لیکیج کے باعث چار دھماکے  ہوئے، بھابڑا بازار میں گھر میں گیس لیکج دھماکے سے 8 ماہ کا کمسن بچہ ارحم اور ساڑھے 3 سال کی آیت فاطمہ موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ بچوں کی ماں جھلس کر زخمی ہوگئیں۔

دوسرا واقعہ آریہ محلہ میں پیش آیا جہاں گیس لیکیج دھماکے سے دو خواتین سمیت پانچ افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔تیسرے واقعہ میں ٹنچ بھاٹہ میں دو کم عمر بچے جھلس کر زخمی ہوگئے۔

گیس لیکیج کا چوتھا واقعہ گرجاروڈپر قریشی آبادمیں پیش آیا ، دھماکے سے 3افراد جھلس کر زخمی ہو گئے، زخمیوں میں 2 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق چاروں دھماکے گیس لیکیج کے بعد بجلی کا سوئچ آن کرنے یا لائیٹر ماچس جلانے کے باعث پیش آئے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ سحری کے اوقات میں گیس لوڈ شیڈنگ اور شہریوں کی غفلت حادثات کا شکار بن رہی ہے، شہریوں نے دھماکوں اور ان کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان کا ذمہ دار سوئی گیس حکام کو ٹھہرایا ہے۔

مزید خبریں :