Time 13 مارچ ، 2024
صحت و سائنس

وٹامن ڈی اور کیلشیئم کے استعمال سے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے، تحقیق

یہ بات ایک تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

وٹامن ڈی اور کیلشیئم کی مناسب مقدار کا استعمال کینسر کی مختلف اقسام سے متاثر ہونے کا خطرہ کم کرتا ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

ایریزونا یونیورسٹی کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ وٹامن ڈی اور کیلشیئم ایسے غذائی جز ہیں جو کینسر جیسے جان لیوا مرض سے تحفظ کے لیے اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔

اس تحقیق میں درمیانی عمر کی 36 ہزار سے زائد خواتین کو شامل کیا گیا تھا جن کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔

ایک گروپ کو وٹامن ڈی اور کیلشیئم سپلیمنٹس جبکہ دوسرے گروپ کو placebo استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اس کے بعد ان خواتین کی صحت کا جائزہ 7 سال تک لیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ وٹامن ڈی اور کیلشیئم کے استعمال سے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ 30 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ وٹامن ڈی اور کیلشیئم کے سپلیمنٹس کے استعمال سے بریسٹ اور colon کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

محققین کے مطابق صحت کے لیے مفید غذاؤں جیسے سبزیوں، سالم اناج اور گریوں کا استعمال اچھی صحت کے لیے ضروری ہے جس سے کیلشیئم اور وٹامن ڈی بھی جسم کو مل جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سپلیمنٹس کا استعمال اس وقت کرنا چاہیے جب غذا کے ذریعے آپ انہیں جسم کا حصہ بنانے سے قاصر ہوں۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل Annals of Internal Medicine میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :