15 مارچ ، 2024
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ کانگریس نے محکمہ خارجہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری ڈونلڈ لو کو طلب کیا ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ محکمے کے افسران، کانگریس کے سامنے گواہی دیتے رہتے ہیں۔
میتھیو ملر نے کہا کہ ہم امریکی حکام کے خلاف کسی بھی دھمکی کو سنجیدگی سے لیتے ہیں۔
خیال رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری ڈونلڈ لو پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سائفر معاملے اور اپنی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کا الزام عائد کیا جاتا ہے۔
سائفر معاملے کی وجہ سے کانگریس کے سامنے ڈونلڈ لو کی اس گواہی کو بہت اہمیت دی جارہی ہے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ اس اہم گواہی کے موقع پر کانگریس میں ریپبلکن اور ڈیموکریٹ ارکان بڑی تعداد میں دلچسپی لیتے ہوئے شرکت کریں گے۔