15 مارچ ، 2024
سکیورٹی ایجنسیز نے انٹیلی جنس کارروائی کے ذریعے مری سے تعلق رکھنے والے 2 بھائیوں کو کچے کے ڈاکوؤں سے بازیاب کرا لیا۔
ملکہ کوہسار مری کے 2 نوجوان بھائی اویس ستی اور شفقت ستی آن لائن سستی گاڑی خریدنے کشمور گئے تھے، آن لائن سستی گاڑی کی خریداری دراصل کچے کے ڈاکوؤں کی جانب سے بچھایا گیا جال تھا جس کے بعد دونوں بھائیوں کو اغوا کر لیا گیا۔
بتایا گیا کہ گاڑی خریدنے کے لیے اویس ستی اور شفقت ستی اپنے ساتھ 10 لاکھ روپے بھی ساتھ لے کر گئے تھے جسے اغوا کے بعد ڈاکوؤ ں نے چھین لیا، بعد ازاں دونوں بھائیوں کے ورثا سے 2 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ بھی کیا جاتا رہا۔
اغوا کے بعد اویس ستی اور شفقت ستی کو زنجیروں میں جکڑ کر 40 دن تک ایک جھونپڑی میں رکھا گیا، اس دوران دونوں بھائیوں پر برہنہ کر کے بدترین تشدد کیا گیا جس کی ویڈیوز اہل خانہ کو بھیجی جاتی رہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چونکہ ایک متوسط گھرانے کے لیے 2 کروڑ روپے جمع کرنا ممکن نہ تھا لہٰذا چندہ اکٹھا کرنے کےلیے ضلع مری میں مغویوں کے اہل خانہ کی جانب سے سوشل میڈیا اور پرنٹ میڈیا پر مہم چلائی گئی، مساجد میں اعلانات بھی کیے گئے، عوام کی مدد سے 2 کروڑ تو درکنار ایک کروڑ بھی جمع نہ ہو سکا جس کے بعد والدین اپنے بیٹوں کی زندگی بچنے سے مایوس ہونا شروع ہو گئے تھے۔
تاہم اس کے بعد سکیورٹی ایجنسیز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں دونوں مغوی بھائیوں کو بازیاب کرا لیا، اویس ستی اور شفقت ستی کے بخیر و عافیت گھر پہنچنے پر اہل خانہ سمیت پورے علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، بازیابی کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد مبارک دینے اویس اور شفقت ستی کے گھر آ رہی ہے۔