17 مارچ ، 2024
مسلم لیگ ن کے رہنما ڈاکٹر آصف کرمانی نے پارٹی کی جانب سے سینیٹ کی ٹکٹ نہ ملنے پر بیان جاری کیا ہے۔
ڈاکٹر آصف کرمانی نے اپنے بیان میں کہا کہ مسلم لیگ ن میں ہوں اور نواز شریف کو آج بھی اپنا قائد سمجھتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ ٹکٹ کیلئے پارٹی کو کوئی درخواست نہیں دی تھی، سینیٹ کی ٹکٹ میں نہ دلچسپی تھی اور نہ ہی دستیاب ہوں، سینیٹ ٹکٹ کیلئے کسی سے رابطہ تک نہیں کیا تھا۔
ڈاکٹر آصف کرمانی نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ نہیں چھوڑی، حادثاتی نہیں پیدائشی مسلم لیگی ہوں، مجھے کسی سے مسلم لیگی ہونے کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے، سیاسی نومولود گمراہ کن خبریں پھیلانے سے باز رہیں۔
مسلم لیگ ن کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف نے بھی سینیئر رہنماؤں کو سینیٹ الیکشن کیلئے ٹکٹ نہیں دیے۔
خیال رہے کہ سینیٹ انتخابات 2 اپریل کو ہوں گے جس میں قومی اسمبلی اور تمام صوبائی اسمبلیوں کے ارکان حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔