پاکستان
16 جنوری ، 2012

عدلیہ سمیت کسی ادارے کے ساتھ ٹکراؤ نہیں چاہتے،وزیراعظم گیلانی

عدلیہ سمیت کسی ادارے کے ساتھ ٹکراؤ نہیں چاہتے،وزیراعظم گیلانی

اسلام آباد … وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کسی کو عوام کے مینڈیٹ کی تذلیل نہیں کرنی چاہئے، حکومت عدلیہ سمیت کسی ادارے کے ساتھ ٹکراوٴ نہیں چاہتی۔ انہوں نے کہا کہ فوج اور عدلیہ کا حکومت سے اختلاف رائے ہوسکتا ہے، جمہوریت نہ رہی تو ہر چیز ختم ہوجائے گی، سب اکٹھے جائیں گے اکیلے اکیلے کوئی نہیں جائے گا۔پیر کی شب جمہوریت کے حق میں پیش کی جانے والی قرارداد کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جمہوریت کے حق میں قرار داد منظور ہونے پر ایوان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اتحادی جماعتوں نے اہم معاملے پر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا مشورہ دیا تھا، موجودہ اجلاس اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے نہیں بلایا ،ہمیں اعتماد کا ووٹ لینے کی ضرورت نہیں، اگر کسی کو ہماری شکل پسند نہیں تو عدم اعتماد کی تحریک لائے۔ وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ 19 جنوری کو عدالت کے احترام میں سپریم کورٹ میں پیش ہورہا ہوں، آج پھر ثابت ہوگیا پارلیمنٹ بالادست اور مقتدر ہے ، این آر او بنانے کی غلطی ہم نے نہیں کی، این آر او کے خالق کے بارے میں بھی معلوم کیا جانا چاہئے،ہم نے تو این آر او نہیں بنایا، بنانے والا باہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکثریت کا مطلب دوسروں کو بلڈوز کرنا نہیں ہے ادارے مضبوط ہورہے ہیں۔ وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ عدالتوں کا سامنا کررہے ہیں، ہمیں کسی سے حب الوطنی کا سر ٹیفکیٹ نہیں لینا۔ وزیراعظم بنتے ہی ججز کو بحال کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ ہمیں تو نہیں پتا تھا کہ 16 جنوری کو کیاہونا تھا۔ جس ادارے کی بحالی کے لئے ڈنڈے کھائے وہی کہے ہم وفادار نہیں ہیں، اتنی قانون سازی کے بعد پارلیمنٹ ربڑ اسٹیمپ کیسے ہوسکتی ہے۔

مزید خبریں :