میرے بچوں نے میرا اور پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا، شاہ برادرز کے والد خوشی سے نہال

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جیت پر فاسٹ بولر نسیم، حنین اور عبید شاہ کے والد ظفر شاہ خوشی سے نہال ہوگئے۔

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دے دی اور ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

ملتان کا 160 رنز کا ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے 8 وکٹوں کے نقصان پر آخری گیند پر حاصل کیا اور 2 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے تیسری بار پی ایس ایل کی چیمپئن بن گئی۔

ہدف کے تعاقب میں یونائیٹڈ کی وکٹیں بھی مسلسل گرتی رہیں اور میچ سنسنی خیز مرحلے میں پہنچ گیا لیکن عماد وسیم اور نسیم شاہ کی ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگز نے اسلام آباد کو فتح کے قریب پہنچا دیا اور پھر جب آخری گیند پر ایک رن درکار تھا، تب حنین شاہ نے چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو ٹرافی جتوائی۔

فائنل میں دونوں بیٹوں نسیم اور حنین شاہ کی کارکردگی اور ٹیم کی فتح کے بعد  نسیم شاہ کے والد ظفر شاہ خوشی سے نہال ہوگئے۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شاہ برادرز کے والد نے کہا کہ میرے بچوں نے میرا اور پاکستان کا سر فخر سے بلند کردیا، کبھی سوچا نہیں تھا کہ تینوں بیٹے قومی سطح پر کرکٹ کھلیں گے۔ 

انہوں نے بتایا کہ کرکٹ کھیلنے پر تینوں بچوں نےکئی بار مار کھائی ہے۔ سب سے زیادہ مار نسیم شاہ نے کھائی ۔

ان کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ نے حنین اور عبید کو کرکٹ نہیں سکھائی ، عبید اور حنین نے خود کرکٹ سیکھی ہے، تینوں بیٹے کرکٹ کھیلنے کے لیے مجھ سےچھپ کر جاتے تھے۔خواہش ہےکہ اب حنین اور عبید بھی پاکستان کے لیے کھیلیں۔

مزید خبریں :