25 مارچ ، 2024
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حکم کے بعد پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں 50 سے زائد ملزمان کو گرفتار کرکےمقدمات درج کرلیے گئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گزشتہ روز پتنگ بازی میں دھاتی ڈور بنانے ، بیچنے اور خریدنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم د یا تھا۔
مریم نواز کے حکم کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے حافظ آباد، وہاڑی اور خوشاب میں پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں 40سے زائد ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے پتنگیں، چرخیاں اور دھاتی ڈور برآمد کرلی گئیں۔
ادھر فیصل آباد میں پتنگ ساز فیکٹریوں سے 30 ہزار پتنگیں برآمد کرکے 13 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور پتنگ بنانے والی 6 مشینیں، 5 ہزار چرخیاں قبضے میں لےلی گئیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے ڈور اور پتنگیں بنانے والے کارخانوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ سرگودھا میں پتنگ لوٹنے کی کوشش کے دوران کمسن بچے کی کرنٹ لگنے سے موت ہوئی۔
علاوہ ازیں فیصل آباد میں دو روز قبل گلے پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے موٹرسائیکل سوار 22 سالہ آصف جاں بحق ہوگیا تھا۔