پاکستان
Time 28 مارچ ، 2024

سینیٹ انتخابات: سندھ سے پی پی پی کے 11 اور متحدہ کے 1 امیدوار نے پارٹی ٹکٹ جمع کروادیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سندھ سے سینیٹ الیکشن کیلئے پیپلز پارٹی کے 11 اور ایم کیو ایم پاکستان کے 1 امیدوار نے پارٹی ٹکٹ جمع کروادیا ہے۔

سینیٹ انتخابات کیلئے پارٹی ٹکٹ جمع کروانے اور دستبردار ہونے کے آخری روز سندھ سے 35 امیدواروں میں سے 15 دستبردار ہوئے جبکہ 12 امیدواروں نے پارٹی ٹکٹ جمع کرائے۔

سندھ سے پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم پاکستان اور آزاد امیدواروں سمیت کل 20 امیدوار مدمقابل ہوں گے۔

ترجمان الیکشن کمیشن سندھ کے مطابق سینیٹ انتخابات کیلئے سندھ کی 7 جنرل نشستوں پر 11 امیدوار مد مقابل ہوں گے، ٹیکنوکریٹ و علما کی 2 نشستوں پر 4 امیدوار میدان میں ہوں گے۔

اسی طرح خواتین کی 2 نشستوں پر 3 امیدوار جبکہ غیر مسلم کی ایک نشست کیلئے 2 امیدوار مد مقابل ہوں گے۔ سندھ سے کسی بھی کیٹیگری میں کوئی بھی امیدوار  بلا مقابلہ منتخب نہیں ہوا۔

مختلف کیٹگیریز میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں میں سید مسرور احسن، سید کاظم علی شاہ، جین خان، سرفراز راجپر، ندیم بھٹو، دوست علی جیسر، اشرف علی جتوئی، سرمد علی، ضمیر حسین گھمرو، پونجو مل، قرت العین مری اور روبینہ قائم خانی شامل ہیں جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کے 1 امیدوار عامر ولی الدین چشتی نے جنرل نشست پر پارٹی ٹکٹ جمع کرایا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ انتخابات 2 اپریل کو سندھ اسمبلی میں ہوں گے جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست آج جاری کی جائے گی۔