دہشتگردوں کیلئے کوئی جگہ نہیں، شانگلہ حملے کے ملزمان کو کٹہرے میں لائینگے: وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ شانگلہ حملے کے اصل ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں چینی سفارت خانے آکر چینی سفیر  اور شانگلہ حملے کی تحقیقات کیلئے چین سے آنے والی خصوصی تحقیقاتی ٹیم سے ملاقات کی۔

 ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے چینی ٹیم کو حملے کے بارے میں اب تک ہونے والی تحقیقات  اورکیس سے متعلق  ہونے والی پیشرفت پر بریف کیا۔

ملاقات میں چینی شہریوں کے تحفظ اور  مجموعی سکیورٹی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھاکہ شانگلہ حملے کے اصل ملزمان کو  ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔

محسن نقوی کی پشاور میں ایف سی ہیڈ کوارٹر  آمد اور اجلاس سے خطاب

قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی  نے پشاور میں ایف سی ہیڈ کوارٹر   کا دورہ بھی کیا اور یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی، کمانڈنٹ ایف سی نے وفاقی وزیر داخلہ کو  ادارے کی کارکردگی اور دیگر امور کے بارے میں آگاہ کیا۔

اس موقع پر  وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ایف سی ہیڈ کوارٹر میں اجلاس بھی منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے  وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایف سی کے بہادر جوانوں نے قیام امن کیلئے کلیدی کردار ادا کیا ہے، ایف سی کو مزید مؤثر فورس بنایا جائے گا، دشمن امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش کر رہا ہے، اتحاد کی قوت سے اس سازش کو ناکام بنائیں گے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو وطن عزیز میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، قائد اعظم کے پاکستان میں دہشتگردی کی کوئی گنجائش نہیں، قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ امن کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔

مزید خبریں :