Time 29 مارچ ، 2024
پاکستان

پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس: متعدد ارکان نے سینیٹ ٹکٹوں کی تقسیم غلط قرار دیدی

فوٹو:
فوٹو: 

پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پی ٹی آئی کی کورکمیٹی کے ہونے والے اجلاس میں کمیٹی کے ارکان نے سینیٹ ٹکٹوں میں مشاورت نہ کرنے کا الزام لگا دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کورکمیٹی کے متعدد ارکان نے الزام  عائد کیا ہے کہ سینیٹ کیلئے ٹکٹوں کی تقسیم غلط کی گئی ہے، بتایا جائے کس نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ ٹکٹ فائنل کیے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی سینیٹ اور ضمنی انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر وضاحتیں دیتے رہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کورکمیٹی میں سوال کیا گیا کہ جو نام بانی پی ٹی آئی کو دیے ان پر پارٹی تنظیم سے مشاورت نہیں ہوئی جس پر چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہرعلی نے وضاحتیں دیں کہ سینیٹ ٹکٹ بانی پی ٹی آئی کی مشاورت سے جاری ہوئے۔

اس کے علاوہ کور کمیٹی اجلاس میں افضل ڈھانڈلہ کو ٹکٹ جاری کرنے پر سوال اٹھایا گیا، جس پر بیرسٹر گوہر اور سینیئر عہدیداروں نے وضاحت دی کہ افضل ڈھانڈلہ کو ٹکٹ بانی پی ٹی آئی نے جاری کیا تاہم  پارٹی ورکرز اور رہنماؤں کے احتجاج کے باعث ان کا ٹکٹ واپس لے لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق کور کمیٹی کے اجلاس میں بانی پی ٹی آئی کی سپریم کورٹ میں درخواستیں فکس نہ ہونے پر لطیف کھوسہ سے وضاحت مانگی گئی۔

مزید خبریں :