دنیا
Time 31 مارچ ، 2024

ترکیے میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ، استنبول مرکز نگاہ

استنبول کے بلدیاتی انتخابات کو خاص اہمیت حاصل ہے— فوٹو: رائٹرز
استنبول کے بلدیاتی انتخابات کو خاص اہمیت حاصل ہے— فوٹو: رائٹرز

ترکیے میں بلدیاتی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا آغاز ہوگیا۔ 

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکیے بھر میں آج بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاہم استنبول کے بلدیاتی انتخابات کو خاص اہمیت حاصل ہے۔

ترک صدر اردوان کی اے کے پارٹی کے امیدوار مرات کوروم اور استنبول کے میئر اکرم امام اوغلو کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔ 

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ انتخابات ترک صدر اور اپوزیشن جماعتوں کی مقبولیت کا امتحان ہے  جس میں صدر اردوان 2019 کے بلدیاتی انتخابات میں ہارے ہوئے شہروں کو واپس حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ 

2019 کے بلدیاتی انتخابات میں اپوزیشن کی بڑی جماعت سی ایچ پی نے استنبول اور انقرہ کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے ان شہروں پر قائم اے کے پارٹی کے 20 سالہ اقتدار کا خاتمہ کردیا تھا۔ خود ترک صدر اردوان  نے بھی اپنا سیاسی سفر 1994 میں استنبول کے میئر کے طور پر شروع کیا تھا۔

ترکیے کے مشرقی صوبوں میں ووٹنگ صبح 7 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گی جبکہ باقی صوبوں میں ووٹنگ کا وقت صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگا، انتخابات کے ابتدائی نتائج رات 10 بجے تک آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔ 

مزید خبریں :