Time 31 مارچ ، 2024
جرائم

ٹوبہ ٹیک سنگھ: 22 سالہ لڑکی کے قتل کے الزام میں دوسرا بھائی اور بھابھی گرفتار

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 22 سالہ لڑکی کے قتل کے الزام میں دوسرے بھائی اور بھابی کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ 

 گزشتہ دنوں ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھائی نے بہن کا گلا دبا کر قتل کر دیا تھا۔

حکام کے مطابق ماریہ بی بی کو سگے بھائی فیصل نےگلا دباکرقتل کیا، مقتولہ کا والد عبدالستار اور بھائی شریک ملزم ہیں جبکہ لڑکی کے قتل کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیاگیا تھا۔

پولیس کے مطابق 17 اور 18 مارچ کی درمیانی شب باپ بیٹوں نے مل کر ماریہ کو گلا دبا کر قتل کیا تھا، ویڈیو بنانے والے بھائی شہباز نے اپنے بھائی اور والد پر مقتولہ سے زیادتی کی شکایت کرنے پر اسے قتل کرنے کا الزام لگایا۔

پولیس کے مطابق ملزم شہباز نے اپنی بہن کے قتل کی ویڈیو بنائی اور اس کے بعد خود کو بے گناہ ثابت کرنے کی کوشش کی۔

تاہم پولیس نے اب  لڑکی کے قتل کے الزام میں دوسرے بھائی شہباز اور بھابی کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔

مقتولہ کے  بھائی فیصل اور والد کو پہلے ہی گرفتار کرلیا گیا تھا۔

عدالت نے لڑکی کے والد عبدالستار اور بھائی فیصل کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

مزید خبریں :