31 مارچ ، 2024
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری خود سے منسوب بیان سے لاعلم نکلے۔
خیال رہےکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کو ایک بار پھر پاکستان کرکٹ ٹیم کا کپتان بنا دیا ہے۔
بابر اعظم گزشتہ سال نومبر میں تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے دستبر دار ہو گئے تھے جس کے بعد پی سی بی نے شاہین آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی اور شان مسعود کو ٹیسٹ کا کپتان مقرر کیا تھا تاہم ون ڈے کے کپتان کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تھا۔
پی سی بی کی جانب سے آج جاری کیےگئے اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ بابر اعظم وائٹ بال کرکٹ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایک اسٹریٹجک اقدام کے تحت جس کا مقصد کھلاڑیوں کی اعلیٰ کارکردگی کو یقینی بنانا تھا، پی سی بی نے وائٹ بال کی قیادت کو تبدیل کیا ہے۔ بین الاقوامی کرکٹ میں شاندار بیٹنگ کے ریکارڈ کے لیے مشہور بابراعظم شاہین شاہ آفریدی سے کپتانی سنبھالیں گے۔
پی سی بی کی جانب سے کہا گیا کہ شاہین آفریدی نے بلاشبہ خود کو ایک اسٹار فاسٹ بولر ثابت کیا ہے اور انہوں نے کئی برسوں سے پاکستان کے پیس اٹیک کی قیادت کی ہے ، پاکستان کرکٹ بورڈ ان کی بہترین کارکردگی کو برقرار رکھنے کے لیے روٹیشن اور آرام کی اہمیت کو سمجھتا ہے۔ یہ فیصلہ کھلاڑیوں کے لمبے کیریئر اور خاص کر فاسٹ بولرز کو انجریز سے بچانے کے ضمن میں بورڈ کے عزم سے مطابقت رکھتا ہے۔
پی سی بی کے مطابق بورڈ نہیں چاہتا کہ قومی ٹیم بولنگ کے وسائل کے حوالے سے انجریز کے بحران سے دوچار ہو جیسا کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 سے پہلے دیکھا گیا تھا جہاں شاہین کی دیکھ بھال کرنی پڑی تھی اور آئی سی سی ون ڈے کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں جب ٹیم کونسیم شاہ کی خدمات حاصل نہیں تھیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہین آفریدی کی بطور کپتان ان کے کنٹری بیوشن پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے اور امید ظاہر کی کہ بابر اور شاہین دونوں مل کر پاکستانی ٹیم کو ٹاپ پر لے جانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔
پی سی بی کے اعلامیے میں شاہین شاہ آفریدی سے منسوب بیان بھی جاری کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق 'شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی کرنا ایک اعزاز کی بات تھی۔ میں ہمیشہ ان یادوں اور مواقع کو یاد رکھوں گا۔ ٹیم کا کھلاڑی ہونے کے ناطے یہ میرا فرض ہے کہ میں اپنے کپتان بابر اعظم کی حمایت کروں۔ میں ان کی کپتانی میں کھیلا ہوں اور ان کے لیے احترام موجود ہے۔ میں میدان کے اندر اور باہر ان کی مدد کرنے کی کوشش کروں گا۔ ہم سب ایک ہیں۔ ہمارا مقصد ایک ہی ہے اور وہ ہے پاکستان کو دنیا کی بہترین ٹیم بنانے میں مدد کرنا۔'
تاہم اب ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی نے یہ باتیں نہیں کہیں اور وہ خود سے منسوب بیان سے بھی لاعلم ہیں۔
شاہین آفریدی کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ بیان فاسٹ بولر سے بات کیے بغیر جاری کیا گیا۔
ان کے قریبی ذرائع کے مطابق شاہین آفریدی کو اس بیان کا سوشل میڈیا سے پتہ چلا اور انہوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ ان سے منسوب یہ بیان کس طرح ہر جگہ چلایا جا رہا ہے ۔
ذرائع کے مطابق قومی فاسٹ بولر بات کیے بغیر بیان جاری کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ سے شدید ناراض بھی ہیں ۔