02 اپریل ، 2024
پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عباداللہ نے کہا ہےکہ حکومت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے یہاں سینیٹ کا الیکشن نہیں ہوسکا۔
پشاور میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے خیبر پختونخوا اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر عباد اللہ نے کہا کہ اسپیکر کسٹوڈین آف دی ہاؤس ہوتا ہے، آج کسٹوڈین آف دی ہاؤس غائب ہے، اسپیکر بانی پی ٹی آئی کے ٹائیگر بنے ہوئے ہیں، اسپیکر صوبائی اسمبلی نے اپنا کردار ادا نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ نہ آئین کو مانتے ہیں نہ قانون کو مانتے ہیں، پہلی بار غیرقانونی طور پر کے پی اسمبلی ہال الیکشن کمیشن کےحوالےکیا گیا، حکومت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے یہاں سینیٹ کا الیکشن نہیں ہوسکا۔
عباد اللہ کا کہنا تھا کہ یہ لوگ الیکشن کمیشن اور عدالت کے واضح فیصلوں کو نہیں مانتے، عوام کی بدقسمتی ہےکہ پورے ملک کے برعکس یہاں سینیٹ انتخابات نہیں ہورہے۔