پاکستان
Time 02 اپریل ، 2024

پنجاب میں سینیٹ انتخابات میں ن لیگ نے 10 نشستیں جیت کر میدان مار لیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پنجاب اسمبلی میں سینیٹ انتخابات میں مسلم لیگ ن نےمیدان مارلیا، ٹیکنوکریٹس اور خواتین کی 2، 2 اور اقلیتوں کی ایک مخصوص نشست پر لیگی امیدوار کامیاب ہوگئے۔ 

پنجاب میں سینیٹ کی 12 نشستوں میں سے 10 مسلم لیگ ن اور 2 نشستیں سنی اتحاد کونسل کے نام رہیں۔

پنجاب اسمبلی میں سینیٹ الیکشن کے لیے پولنگ صبح 9 سے شام 4 بجے تک جاری رہی ۔ جس کے بعد ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے پر صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان نے نتائج کا اعلان کیا۔

ٹیکنوکریٹس کی دو نشستوں پر وزیرخزانہ محمداورنگزیب 128 ووٹ اور مصدق ملک  121ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، سنی اتحاد کونسل کی ڈاکٹر یاسمین راشد 106ووٹ حاصل کر سکیں ایک ووٹ مسترد بھی ہوا۔

خواتین کی دو مخصوص نشستوں پر مسلم لیگ ن کی انوشہ رحمان نے 125 اور بشری انجم بٹ نے 123ووٹ حاصل کر کے کامیابی اپنے نام کی ۔سنی اتحاد کونسل کی صنم جاوید 102ووٹ حاصل کرسکیں، 6 ووٹ مسترد بھی ہوئے۔

اس کے علاوہ اقلیتی نشست پر خلیل طاہر سندھو کامیاب قرار پائے ، انہوں نے 253 ووٹ حاصل کیے ۔

سنی اتحاد کونسل کے آصف عاشق صرف 99 ووٹ حاصل کر سکےاور 4ر ووٹ مسترد ہوئے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نومنتخب سینیٹرز کو مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

مزید خبریں :