03 اپریل ، 2024
دنیا بھر میں 90 فیصد افراد دائیں ہاتھ کے استعمال کو ترجیح دیتے ہیں یعنی 10 فیصد لیفٹ ہینڈڈ ہوتے ہیں۔
مگر کیا وجہ ہے کہ اکثر افراد تو رائٹ ہینڈڈ ہوتے ہیں مگر کچھ اپنے بائیں ہاتھ کا زیادہ استعمال کرتے ہیں؟
ایک نئی تحقیق میں اس سوال کا ممکنہ جواب دیا گیا ہے۔
جرنل نیچر کمیونیکیشنز میں شائع تحقیق میں ایک ایسے جین پر روشنی ڈالی گئی جو ممکنہ طور پر لوگوں کو لیفٹ ہینڈڈ بنانے میں کردار ادا کرتا ہے۔
تحقیق کے مطابق یہ جین لیفٹ ہینڈڈ افراد میں زیادہ پایا جاتا ہے اور خلیات کی ساخت کو کنٹرول کرنے میں کردار ادا کرتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ ٹی یو بی بی 4 بی نامی جین بالادست ہاتھ کے تعین کے حوالے سے اہم ہوتا ہے۔
ہمارا دماغ 2 حصوں میں تقسیم ہوتا ہے اور تحقیق کے مطابق بیشتر افراد میں دماغ کا بایاں حصہ زبان کے حوالے سے بالادست ہوتا ہے جبکہ دایاں حصہ کسی جگہ بینائی کی توجہ مرکوز کرنے کے لیے اہم ہوتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ دماغ کا بایاں حصہ بالادست دائیں ہاتھ کو بھی کنٹرول کرتا ہے جبکہ لیفٹ ہینڈڈ افراد میں دماغ کا دایاں حصہ بالادست ہاتھ کو کنٹرول کرتا ہے، بس سوال یہ ہے کہ لیفٹ ہینڈڈ افراد کے دماغ میں یہ فرق کیسے پیدا ہوتا ہے۔
تحقیق میں خیال ظاہر کیا گیا کہ ٹی یو بی بی 4 بی ایک ایسے پروٹین کو کنٹرول کرتا ہے جو خلیات کے اسٹرکچر میں کردار ادا کرتا ہے۔
محققین نے لیفٹ ہینڈڈ افراد میں اس جین کے اندر مخصوص میوٹیشنز کو دریافت کیا۔
محققین نے تسلیم کیا کہ ابھی بھی بہت کچھ واضح نہیں مگر ہمارا اندازہ ہے کہ مخصوص جینیاتی ورژنز اس حوالے سے کردار ادا کرتے ہیں، ٹی یو بی بی 4 بی اس کی ایک اچھی مثال ہے۔
اس تحقیق میں درمیانی عمر کے ساڑھے 3 لاکھ افراد کے جینیاتی ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی جن میں سے 11 فیصد لیفٹ ہینڈڈ تھے۔
محققین کے مطابق ہمارے خیال میں ماں کے پیٹ میں دماغی نشوونما کے دوران ہی بایاں ہاتھ کو بالادستی حاصل ہوتی ہے، مگر بعد میں معاشرتی عناصر کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پیدائش کے بعد مختلف معاشروں میں بچوں پر دباؤ ڈال کر انہیں رائٹ ہینڈڈ بنانے کی کوشش کی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل محققین ان جینز کی نشاندہی نہیں کر سکے تھے جو کسی فرد کے لیفٹ ہینڈڈ ہونے کے امکان کو بڑھاتے ہیں۔
2019 میں 4 لاکھ افراد کے ڈیٹا پر مبنی ایک تحقیق میں ایسے 4 جینیاتی خطوں کا انکشاف کیا گیا تھا جو دائیں یا بائیں ہاتھ کے بالادست ہونے سے منسلک ہوتے ہیں۔
مگر دیگر تحقیقی رپورٹس میں عندیہ دیا گیا کہ ایسے درجنوں جینز ہو سکتے ہیں جو کسی کے دائیں یا بائیں ہاتھ سے لکھنے یا کھیلنے کا تعین کرتے ہیں۔