کراچی: ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان کے قتل میں ملوث ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

کراچی: نیو کراچی کے علاقے بلال کالونی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر نوجوان کے قتل کا مرکزی ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔ 

ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان علی بلوچ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 24 مارچ کو نیوکراچی بلال کالونی میں فوم کی دکان پر لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر ملزمان نے نوجوان عبدالرحمان کو قتل کردیا تھا۔

ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے بتایا ملزمان کی گرفتاری کیلئے ایس ایس پی سینٹرل کی سربراہی میں ٹیمیں بنائی گئی تھیں اور آج صبح نیو کراچی سیکٹر فائیو ایچ میں پولیس مقابلے میں ملزم افضل حسین ہلاک ہوا جبکہ اس کے ساتھی کو زخمی حالت میں پولیس نے گرفتار کیا۔

انہوں نے بتایا پولیس مقابلے میں زخمی ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ ہلاک ملزم ہی عبدالرحمان کے قتل میں ملوث تھا اور ان ملزمان نے ہی فوم کی دکان پر لوٹ مار کی تھی، نوجوان عبدالرحمان نے ملزمان پکڑنے کی کوشش کی، مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کی جس سے عبدالرحمان جاں بحق ہوا۔

ڈی آئی جی عرفان بلوچ کے مطابق پولیس حکام اس دن سے ہی اس کیس پر ٹیکینکل طریقے سے مستقل کام کررہے تھے اور اب پولیس کو اس کیس میں کامیابی ملی ہے۔  

ایس ایس پی سنٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے بتایا ہلاک ملزم افضل حسین کے خلاف درجن سے زائد مقدمات درج ہیں اور ملزم کے خلاف بلال کالونی، منگھوپیر، اجمیر نگری، اے سی ایل سی، پاکستان بازار حیدری اورنگی ٹاؤن اور جمشید کوارٹر میں مقدمات ہیں۔

ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ویسٹ میں بھی اسٹریٹ کرائم میں ملوث ایک گینگ برسٹ کیا گیا ہے اور اس کارروائی میں 8 ملزمان پر مشتمل گینگ پکڑا گیا ہے، انہوں نے کہا اس گینگ کے پاس ہتھیار کہاں سے آرہے ہیں اس سلسلے میں بھی ہم کام کر رہے ہیں۔

پریس کانفرنس میں ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان علی بلوچ کے ہمراہ ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی، ایس ایس پی ویسٹ عبدالحفیظ بگٹی اور ایس پی انویسٹی گیشن عارب مہر بھی موجود تھے۔ 

مزید خبریں :