30 جنوری ، 2013
کراچی…امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ ملک کی قسمت کیلئے آنے والے تین ماہ انتہائی اہم ہیں، ووٹ دینے کے رویے کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، جرائم پیشہ عناصر کو ووٹ دینے سے معاشرے میں جرائم جنم لیتے ہیں۔ کراچی میں گلشن اقبال میں ہونے والے قاضی حسین احمد اور پروفیسرغفور احمد کی یاد میں منعقدہ تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا کہ قاضی حسین احمد اورپروفیسر غفور احمد نے اپنی زندگیاں ایک مقصد کے تحت گزاریں، ایک بڑے مقصد کی آبیاری کیلئے اپنی زندگی جیلوں میں بھی گزاری۔ انہوں نے کہا کہ قاضی حسین احمد کا مشن پوری دنیا کے اندر غلبہ دین کا مشن تھا اور وہ پوری دنیا میں اسلام کو غالب کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہاکہ قاضی حسین احمد اور پروفیسر غفور احمد ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے ، اجتماع سے اخوان المسلمون مصر کے سابق مرشدعام مہدی عاکف، مصر کی دستورساز اسمبلی کے رکن ڈاکٹر عبدالرحمن البرس، سوڈانی صدر کے نمائندے ڈاکٹر ابوبکر صدیق سمیت ملک کی سیاسی و مزہبی شخصیات نے کانفرنس سے خطاب کیا۔