گوگل کے نئے فیچر سے گمشدہ اینڈرائیڈ فون کو انٹرنیٹ کے بغیر ڈھونڈنا ممکن ہو جائے گا

یہ فیچر آئندہ چند دن میں متعارف کرایا جا رہا ہے / فائل فوٹو
یہ فیچر آئندہ چند دن میں متعارف کرایا جا رہا ہے / فائل فوٹو

کیا آپ کا اسمارٹ فون گم ہوگیا ہے؟ اگر ہاں تو ایک نئے فیچر سے آپ اینڈرائیڈ فون کو انٹرنیٹ کے بغیر بھی آسانی سے ڈھونڈ سکیں گے۔

گوگل کی جانب سے فائنڈ مائی ڈیوائس کو پہلے سے بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ اس کے ذریعے آف لائن ہونے پر بھی ڈیوائس کو ٹریک کیا جا سکے۔

اس فیچر پر گوگل کی جانب سے کافی عرصے سے کام کیا جا رہا تھا اور اب کمپنی کی جانب سے اسے متعارف کرانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ فائنڈ مائی ڈیوائس فیچر کافی عرصے سے صارفین کو ایپ اور ویب ورژن میں دستیاب ہے۔

فائنڈ مائی ڈیوائس سے فون کو لاک یا اس کا ڈیٹا بھی ڈیلیٹ کیا جاسکتا ہے تاہم گمشدہ ڈیوائس کو تلاش کرنے کے لیے فون میں انٹرنیٹ کنکشن کی ضرورت ہوتی ہے۔

مگر اب آف لائن ٹریکنگ سے فائنڈ مائی ڈیوائس کی یہ خامی دور کردی جائے گی۔

ایک رپورٹ کے مطابق گوگل کی جانب سے کچھ اینڈرائیڈ صارفین کو ای میل بھیج کر بتایا گیا ہے کہ فائنڈ مائی ڈیوائس نیٹ ورک کو آئندہ چند دن میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔

اس نئے فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں آف لائن ڈیوائس کو بھی ٹریک کرنا ممکن ہوگا۔

آف لائن فون کی تلاش کے لیے گوگل کی جانب سے دنیا بھر میں موجود اینڈرائیڈ ڈیوائسز کی مدد لی جائے گی۔

یہ آف لائن ٹریکنگ فون کے بلیو ٹوتھ beacon سگنل کو متحرک رکھ کر ہوگی اور فون بند ہونے پر بھی جاری رہے گی۔

گوگل کی جانب سے اس فیچر میں تاخیر ایپل کے کراس پلیٹ فارم ٹریکنگ کی تفصیلات طے نہ ہونے کی وجہ سے ہوئی۔

ایپل کے نئے آئی او ایس 17.5 کے بیٹا (beta) ورژن میں ایپل کے اپنے فائنڈ مائی نیٹ ورک فیچر میں unknown ٹریکرز الرٹس کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد گوگل بھی فائنڈ مائی ڈیوائس کو متعارف کرانے کے لیے تیار ہوگیا۔

مزید خبریں :