05 اپریل ، 2024
شمالی امریکا کے مختلف ممالک کے رہائشی 8 اپریل کو مکمل سورج گرہن کا نظارہ کریں گے۔
امریکا میں رہنے والوں کو دوبارہ مکمل سورج گرہن دیکھنے کے لیے 20 سال کا انتظار کرنا ہوگا تو اس بار کا گرہن کچھ افراد کے لیے زندگی بھر یاد رہنے والا تجربہ ثابت ہوگا۔
مگر امریکی ریاست ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے لیورنے بیسر اپنی زندگی میں13 ویں بار مکمل سورج گرہن کا نظارہ کریں گے۔
ٹیکساس کے علاقے فورٹ ورتھ سے تعلق رکھنے والے 105 سالہ لیورنے بیسر گزشتہ 60 برسوں سے سورج گرہن کا تعاقب کر رہے ہیں۔
1963 میں انہوں نے ریاست Maine کے دورے کے دوران پہلی بار مکمل سورج گرہن کا مشاہدہ کیا تھا۔
جب انہوں نے چاند کو مکمل طور پر سورج کو چھپاتے، تاریکی چھاتے اور سورج کے گرد جگمگاتی روشنی دیکھی، تو یہ ان کے لیے زندگی بھر کا شوق بن گیا۔
ان کے اپنے الفاظ میں 'جب آپ ایک بار اسے دیکھتے ہیں تو دوبارہ دیکھنے کو دل کرتا ہے، یہ نظارہ بہت خوبصورت ہوتا ہے'۔
سورج گرہن دیکھنے کا شوق انہیں دنیا کے مختلف حصوں میں بھی لے گیا۔
انہوں نے بحیرہ اسود، برازیل اور امریکا کے مختلف خطوں میں جا کر سورج گرہن کا نظارہ کیا۔
مگر اس بار انہیں کہیں جانے کی ضرورت نہیں کیونکہ 8 اپریل کو وہ اپنے گھر میں ہی مکمل سورج گرہن کو دیکھ سکیں گے۔
اپنے اس مشغلے کے باعث انہوں نے خود اپنی ٹیلی اسکوپس بھی تیار کی ہیں جن میں سے ایک 6 فٹ بڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنی زندگی مٰیں 13 ویں بار گرہن کا نظارہ کریں گے اور ہو سکتا ہے کہ یہ ان کی زندگی کا آخری سورج گرہن بھی ہو۔