07 اپریل ، 2024
سندھ پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے کشمیر روڈ پر ایک کارروائی کے دوران خیبرپختونخوا پولیس کے کانسٹیبل کو گرفتار کرکے اسکول بیگ میں اسلحہ کی اسمگلنگ ناکام بنا دی۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) راجہ عمر خطاب کے مطابق سی ٹی ڈی انٹیلی جنس ونگ نے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کے قریب کارروائی کی، ملزم پولیس اہلکار اظہرالدین کے پاس موجود اسکول بیگ سے چھوٹے ہتھیار برآمد ہوئے۔
انہوں نے بتایاکہ گرفتار ملزم کا تعلق بین الصوبائی اسلحہ اسمگلنگ گروہ سے ہے، یہ گروہ کراچی سمیت پاکستان میں آن لائن اسلحہ سپلائی کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ ملزم کے پی کے بس اڈے کے منشی دانیال کے لیے کام کرتا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دانیال اسلحہ ڈیلرز قدیر، صدام اور ندیم اینڈ سنز کا مرکزی کارندہ ہے، گرفتار ملزم اظہرالدین کے قبضے سے خیبرپختونخواپولیس کا کارڈ برآمد ہوا ہے اور ملزم پہلے بھی کراچی میں اسلحہ کی سپلائی کرکے جاچکا ہے۔
راجہ عمر خطاب نے بتایا کہ شہری آن لائن آرڈر بک کرواتے ہیں، ڈیلیوری دانیال منشی کرواتا ہے، دانیال آنے جانے کا کرایہ اور فی پستول معاوضہ ادا کرتا ہے اور ملزمان کراچی آکر پارٹی کے ہاتھ میں اسلحہ دیتے ہیں اور واپس آجاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزم کو سی ٹی ڈی منتقل کردیا گیا ہے اور مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔