پاکستان
Time 07 اپریل ، 2024

ایم کیوایم پولیس فورس کو متنازع بنا کر مجرموں کو فائدہ پہنچا رہی ہے: وزیر داخلہ سندھ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئےکہا ہے کہ ایم کیوایم پولیس فورس کو متنازع بنا کر مجرموں کو فائدہ پہنچا رہی ہے۔

وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے ایم کیو ایم رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم حکومت میں ہو تو سب اچھا ہوتا ہے، جب ایم کیو ایم اقتدار سے باہر ہوتو سب برا کیوں نظرآتا ہے؟ دنیا جانتی ہے کہ مگرمچھ کے آنسو کون بہاتا ہے۔

اس کے علاوہ صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ ایم کیوایم کا بیانیہ پولیس کےجوانوں کا مورال ڈاؤن کرنے کی کوشش ہے، سیاسی رہنماؤں کو قانون کی حکمرانی کو کمزورکرنے سے گریز کرنا چاہیے، فورسز کو متنازع بنانے سے امن سبوتاژ کرنے والوں کو فائدہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم) پاکستان نے پورے سندھ میں رینجرز کو یکساں اختیارات دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صرف کراچی میں رینجرز کو اختیارات دینے سے جرائم نہیں رکیں گے بلکہ رینجرز کو پورے صوبے میں یکساں اختیارات دیے جائیں اور پولیس سے کالی بھیڑوں کو ختم کیا جائے کیونکہ اس کے بغیر جرائم ختم نہیں ہو سکتے۔

سینیٹر فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت انتخابات میں کامیابی کے خمار سے ہی نہیں نکل پا رہی، کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی واردتوں میں عام شہری قتل کیے جارہے ہیں اور کئی بار مجرم پولیس کی ہی صفوں سے ملتے ہیں۔

مزید خبریں :