08 اپریل ، 2024
لاہور میں باپ کے سامنے جوان بیٹی کو قتل کرنے والے 2 ڈاکو مبینہ پولیس مقابلے میں مارے گئے۔
ہفتے کے روز لاہور کے علاقے شاہدرہ ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے دو گھرانے اجاڑ دیے، باپ کے سامنے بیٹی کو قتل کردیا، ہفتے کو ہوئی ڈکیتی کے دوران قتل کی گئی لڑکی کی عید کی بعد شادی تھی اور وہ والدکے ساتھ جہیز کا سامان خرید کر واپس آرہی تھی۔
لڑکی کی جان لینے سےکچھ دیر پہلے ڈاکوؤں نے ایک نوجوان کو بھی تکرار پر قتل کردیا تھا۔
لاہور پولیس کے مطابق دونوں ڈاکو بھائی تھے جو کہ اتوار کی رات کو شاہدرہ ٹاؤن میں پولیس سے مقابلے میں ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دونوں ڈاکوؤں کا تعلق شاہدرہ ٹاؤن میں سرگرم ٹوپی گینگ سے تھا۔
پولیس کا کہنا ہےکہ ٹوپی گینگ نے چار روز قبل فائرنگ کرکے پولیس کانسٹیبل کو بھی شہید کیا تھا اور ایک پولیس کانسٹیبل کو زخمی کرکے سرکاری رائفل بھی لے کر فرار ہوگئے تھے، ٹوپی گینگ نے گزشتہ چند روز میں دوران ڈکیتی 5 افراد کو قتل اور متعدد کو زخمی کیا۔