Time 09 اپریل ، 2024
جرائم

رمضان میں کراچی کے ڈاکوؤں نے ایک اور شہری کی جان لے لی، مجموعی تعداد 19 ہوگئی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

رمضان المبارک میں کراچی کے ڈاکوؤں نے ایک اور جان لے لی، لیاقت آباد میں فائرنگ سے سکیورٹی گارڈجاں بحق ہو گیا۔

ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق کے مطابق لیاقت آباد، بلوچ ہوٹل کے قریب فائرنگ سے سکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگیا۔ 2 موٹرسائیکلوں پر سوار 4 ڈاکو واردات کے بعد فرار ہو رہے تھے،روڈ کے ایک طرف پولیس پکٹ تھی دوسری طرف رینجرز کی پکٹ تھی، نفری دیکھ 2 ملزمان گلی میں فرار ہوگئے جبکہ 2ڈاکوؤں کو رینجرز نے رکنے کا کہا تو ملزمان موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ فرار ہوتے وقت ملزمان کو سوسائٹی سکیورٹی گارڈ مسلح کھڑے دکھا تو اسے گولی ماری اور فرار ہوگئے،سکیورٹی گارڈ گولی لگنے سے موقع پر جاں بحق ہوگیا۔

ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق ملزمان کی موٹرسائیکل پولیس نے تحویل میں لے لی ہے اور اب موٹرسائیکل کا ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے،فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی تلاش بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں ماہ رمضان میں اسٹریٹ کرائم میں جاں بحق افراد کی تعداد 19 ہو گئی ہے۔

دوسری جانب سرجانی میں شہریوں نے مبینہ ڈاکو پکڑ لیا اور  تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔ 

مزید خبریں :